Ramzan, Quran Aur Shab e Quran

Book Name:Ramzan, Quran Aur Shab e Quran

اجتماعی اعتکاف کی ترغیب

پیارے اسلامی بھائیو ! اَلحَمْدُ للہِ ! اجتماعی اعتکاف ماہِ رمضان کی برکتیں لوٹنے اور رمضانُ المبارک کے بابرکت اَیّام نیکیوں میں گزارنے کا بہترین ذریعہ ہے ، الحمد للہ ! دعوتِ اسلامی کے دِینی ماحول میں ملک و بیرونِ ملک ہزاروں  مساجد میں لاکھوں لاکھ عاشقانِ رسول پورا ماہِ رمضان اور آخری عشرے کا اعتکاف کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں ، جو ایک مکمل شیڈول کے مطابق  ذکر واذکار ، فرائض ونوافل اور دیگر عبادات کے ساتھ ساتھ روزانہ بعدِ عصر و بعدِ تراویح 2 مدنی مذاکروں کے ذریعے علمِ دین حاصل کرتے اور سُنّتوں کی تربیت پاتے ہیں۔ نیز کئی مُعْتَکِفِین اختتام رمضان المبارک پر چاند رات ہی سے عاشقانِ رسول کے ساتھ سُنّتوں کی تربیَّت کے مَدَنی قافلوں کے مسافِر بن جاتے ہیں ، کئی ایک مختلف  مدنی کورسز کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔

اِعتکاف کے فضائِل

 * اللہ پاک کے آخری نبی ، مکی مدنی  صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا : جو اللہ پاک کی رضا و خوشنودی کے لئے ایک دِن کا اِعتکاف کرے گا اللہ پاک اس کے اور جہنّم کے درمیان 3 خندقیں حائِل کر دے گا ، ہر خندق کی مَسَافت  ( یعنی دُوری )  مشرق و مغرب کے فاصلے سے بھی زیادہ ہے۔ ( [1] )  * ایک حدیثِ پاک میں فرمایا : جس نے رمضانُ المباک میں 10 دِن کا اِعتکاف کر لیا وہ ایسا ہے جیسے 2 حج اور 2 عمرے کئے۔ ( [2] )


 

 



[1]...شُعَبُ الْاِیْمَان ، جلد : 3 ، صفحہ : 425 ، حدیث : 3965۔

[2]...جَامِع صغِیر ، صفحہ : 516 ، حدیث : 8479۔