Book Name:Nematon Ki Qadar Kijiye
( 1 ) جب بھی موقع ملے شیخِ طریقت ، امیرِ اَہلسُنّت حضرت علّامہ مَوْلانا محّمدالیاس عطّار قادری دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ اورمکتبۃ المدینہ کی دیگر کتب ورسائل کا مطالعہ کیجئے ، اِنْ شَآءَ اللہ اس کی برکت سے معلومات کا ڈھیروں خزانہ ہاتھ آئےگا اور ساتھ ساتھ نعمتوں پر شکر کا ذہن بھی بنے گا۔ شکرسے متعلق معلومات کیلئے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ” شکر کے فضائل “ اور حُجۃُ الْاِسْلام حضرت امام محمد غزالی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ کی تصنیف ” اِحیاءُ العُلوم “ جلد4صفحہ239 کا مطالعہ بے حد مفید ہے۔
اپنے سے کم حیثیت لوگوں کو دیکھئے
( 2 ) شکر کی عادت بنانے کیلئے ہمیشہ اپنے سے کم حیثیت والےکودیکھئے اور یوں ذہن بنائیے کہ میرے پاس تو اللہ پاک کی دی ہوئی کثیر نعمتیں اور طرح طرح کی آسائشیں موجود ہیں جبکہ فُلاں تو بے چارہ معذور ہے ، ہر وقت بیماریوں ، پریشانیوں کا شکار ہے ، فُلاں کے پاس تو اپنا ذاتی مکان یا گاڑی اوراچھا لباس بھی نہیں ہے حتّٰی کہ وہ تو 2 وقت کی روٹی کیلئے بھی دُوسروں کا محتاج ہے۔
( 3 ) شکر کی عادت بنانے کیلئےاللہ پاک کی ڈھیروں نعمتوں پر غور کیجئے کہ اس نے ہمیں اشرفُ المخلوقات بنایا ، نبیِ کریم صَلَّی اللہ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اُمّت میں پیدا فرمایا ، صحابہ و اہلِ بیت عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان ، بزرگانِ دین ، علمائے اہلسنت ، مرشدِ کریم کی نسبت اوران کے صدقے دینی ماحول عطافرمایا ، ہمیں قرآن ، ایمان ، مبارک راتیں اور ایام ، مکّۂ مکرمہ ومدینۂ منورہ جیسے بابرکت شہر ، مساجد ، مدارس ، جامعات ، والدین ، بہن بھائی ، جسمانی اعضاء ، عقل وحواس ، ہَوا ، پانی ، مٹی ، روشنی ، مکان ، روزگار ، سردی ، گرمی ، خزاں ، بہار ، زمین ، آسمان ، پہاڑ ، چاند سورج ، نیند ، صحت ، اَناج ، حیوانات ، نباتات ، بارشیں ، دن اور رات