Book Name:Chughli Ka Azaab-o-Chughal Khor Ki Mozammat
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اجْتَنِبُوْا كَثِیْرًا مِّنَ الظَّنِّ٘-اِنَّ بَعْضَ الظَّنِّ اِثْمٌ (پ۲۶،الحجرات:۱۲)
ترجمۂ کنزُالعِرفان:اے ایمان والو!بہت زیادہ گمان کرنےسے بچو بیشک کوئی گمان گناہ ہوجاتا ہے۔
(5)جو بات تمہیں بتائی گئی وہ تمہیں تَجَسُّس(یعنی تلاش و تحقیق کرنے) اوربحث پرنہ اُبھارے کہ تم اسے حقیقت سمجھنے لگ جاؤ۔اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:
وَّ لَا تَجَسَّسُوْا (پ۲۶،الحجرات:۱۲)
ترجمۂ کنزُالعِرفان:اور(پوشیدہ باتوں کی)جستجو نہ کرو
(6)جس بات سےتم چغل خورکومنع کر رہے ہو اُسےاپنے لئے پسند نہ کرو اور نہ ہی اُس کی چغلی آگے بیان کرو کہ یہ کہو:اس نے مجھ سے یہ یہ بات بیان کی۔ اس طرح تم چغل خور اور غیبت کرنے والے ہوجاؤ گے اور جس بات سے تم نے منع کیا خوداس کے کرنے والے بن جاؤ گے۔(احیاء العلوم،۳/۴۷۳)
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے پیارے اسلامی بھائیو!آئیے!چغل خوری سے نجات پانے کے مزید9 طریقوں کے بارے میں سنتے ہیں:
(1)چغل خوری سے نجات پانے کے لئے چغل خوروں کو دئیے جانے والے عذابات کو اپنے پیشِ نظر رکھئے،اپنا محاسبہ کیجئے کہ جلتی سگریٹ یا تیلی پر پاؤں پڑ جائے،گرما گرم برتن،استری یا پانی جسم سے لگ جائے تو چیخیں نکل جاتی ہیں،اگر چغلی کرنے کے سبب عذابِ قبر میں مبتلا کردیا گیا تو میرا کیا بنے گا؟میرانرم و نازک بدن اس عذاب کو کیسے سہہ سکے گا؟وغیرہ۔
(2)چغل خوری کی مذمت میں بیان کردہ آیاتِ کریمہ اور احادیثِ مبارکہ کو بار بار پڑھتے اور سنتے رہئے۔