Book Name:Qurani Talimat Sikhiye Aur Amal Kijiye

کسی کو کوئی مشکل پیش آجائے ، کوئی پریشانی ہو جائے تو خُوش نصیب ، دِینی ذہن رکھنے والے مدرسے سے طَلَبہ کو بُلا کر قرآن خوانی کرواتے ہیں ، یقیناً یہ اچھی بات ہے ، اس میں شک نہیں ہے کہ قرآنِ کریم برکت ہی برکت ہے ، قرآنِ کریم کو گھر میں رکھنا بھی برکت ، قرآنِ کریم کو دیکھنا بھی برکت ، قرآنِ کریم کو چھونا بھی برکت ، قرآنِ کریم کو پڑھنا بھی برکت ، قرآنِ کریم کو سمجھنا بھی برکت ہے ، قرآنِ مجید الحمد للہ! سراپا برکت ہے لیکن یہ بھی یاد رکھئے! قرآنِ کریم صِرْف کتابِ برکت ہی نہیں بلکہ کِتَابِ عَمَل بھی ہے۔ قرآنِ کریم کی اَصْل برکت اس پر عَمَل کرنے میں ہے۔ ہم ذرا غورکریں! ایک شخص صبح صبح دُکان کھولتا ہے ، وہاں برکت کے لئے قرآنِ کریم کی تِلاوت کرتا ہے مگر اُس کا کاروبار سُودی ہے ، جب وہ سامان فروخت کرتا ہے تو جھوٹ بولتا ہے ، جھوٹی قسم کھاتا ہے ، اب بتائیے! قرآنِ مجید تو فرماتا ہے کہ جھوٹوں پر اللہ پاک کی لعنت ہے ، قرآنِ مجید تو سُود خور کے ساتھ اِعْلانِ جنگ فرماتا ہے ، اب ایسے شخص کو قرآنِ مجید سے برکت کیسے ملے گی...؟ اس لئے اے عاشقانِ قرآن ! قرآنِ مجید کتابِ برکت بھی ہے ، اسے برکت کے لئے بھی ضرور پڑھئے ، اس کے ساتھ ساتھ قرآنِ مجید کتابِ عَمَل بھی ہے ، لہٰذا ہم پر لازِم ہے کہ ہم قرآنِ کریم کو سمجھیں اور اس پر عَمَل بھی کریں۔

قرآنِ مجید نُور ہے

پارہ : 13 ، سورۂ ابراہیم ، آیت : 1میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے :

كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰهُ اِلَیْكَ لِتُخْرِ جَ النَّاسَ مِنَ الظُّلُمٰتِ اِلَى النُّوْرِ ﳔ (پارہ13 ، سورۂ ابراہیم : 1)                             

ترجَمۂ کنزُ الایمان : ایک کتاب ہے کہ ہم نے تمہاری طرف اتاری کہ تم لوگوں کو اندھیریوں سے اجالے میں لاؤ۔