Book Name:Qurani Talimat Sikhiye Aur Amal Kijiye

کامِل واَکمل زندگی کا حصول کیسے ممکن ہے؟

ذرا دُنیا کی تاریخ پر نظر دوڑائیے! دُنیا میں سب سے کامِل ،  سب سے اکمل ، سب سے اچھی ، بہترین اور خوب صُورت زِندگی کس کی ہے؟ یقیناً ایک مسلمان یہی جواب دے گا کہ اس دُنیا میں سب سے کامِل واکمل زِندگی مصطفےٰ جانِ رحمت ، شمعِ بزمِ ہدایت صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی مبارک زندگی ہے۔ حُضُور جانِ عالم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی زِندگی مبارک کیا تھی؟ اُمُّ المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ عَنْہَا نے 3 لفظوں میں بتایا : کَانَ  خُلْقُہُ الْقُرْآن مصطفےٰ جانِ رَحْمت صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے مبارک اخلاق قرآن والے تھے۔   ([1])

گویا آپ یہ فرما رہی ہیں کہ قرآنِ کریم کو پڑھنا شروع کرو ، قرآنِ مجید جو جو اخلاق وآداب بیان فرماتا جائے گا ان سب کا عملی نمونہ تمہیں مصطفےٰ کریم ، رَءُوْفُ الرَّحیم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم   کی مبارک  زندگی میں نظر آجائے گا۔

معلوم ہوا کہ اگر ہم اپنی زِندگی کو خوبصُورت ، اچھی اور کامِل واکمل بنانا چاہتے ہیں تو اس کا ایک ہی طریقہ ہے ، زِندگی گزارنے کے اُصُول قرآنِ مجید سے سیکھتے جائیں اور اُن پر عمل کرنے کا انداز سُنَّتِ مصطفےٰ سے سیکھتے چلے جائیں اور ان پر عمل کرتےچلے جائیں ، اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! ہماری زِندگی اچھی ، خوبصورت ، بہترین اور کامِل واکمل ہو جائے گی۔

اَزْ یَکْ آئین مُسَلْمَان زِنْدَہ اَسْت            پَیْکَرِ مِلَّت زِ قُرآن زِنْدَہ اَسْت

ترجمہ : اِسْلام اور مسلمان صِرْف ایک ہی قانون سے زِندہ رہتے ہیں اور اس قانون کا نام قرآن ہے۔


 

 



[1]...المعجم الاوسط ، صفحہ : 34 ، حدیث : 72۔