Book Name:Madani Inamaat,Rahe Nijaat

لیتے ہوئے اپنی غلَطیوں کو سُدھار سکتے ہیں۔  گویا یہ مَدَنی اِنعامات ہمیں روزانہ اپنی ہی قائم کردہ خود اِحْتِسابی کی عدالت میں حاضر کر کے ہمارے اپنے ہی ضمیر سے فیصلہ کرواتے اور ہمیں اپنی اِصْلاح ونَجات کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ درحقیقت یہ مَدَنی اِنعامات جنّت میں لے جانے والے اور جَہَنَّم سے بچانے والے اَعْمال کی ترغیب کا مجموعہ ہیں۔گویاشیخِ طریقت،امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَـرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ہماری عملی بد حالی مُلاحظہ فرماتے ہوئے ہماری اِصْلاح کا ایک انوکھا طریقہ اِخْتیار فرمایا،تاکہ ہم روزانہ وقت مُقَرَّر کر کے فکرِ مدینہ (خود اِحْتِسابی)پر اِسْتِقامت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔ یہی وجہ ہے کہ بےشمار اسلامی بھائی، اسلامی بہنیں اور طَلَبہ روزانہ سونے سے پہلے ”فکرِمدینہ “کرتے ہوئے مَدَنی اِنعامات کے پاکٹ(جیبی) سائز رسالے میں دیئے گئے خانے پُر کرتے ہیں،جس کی برکت سے نیک بننے اورگُناہوں سے بچنے کی راہ میں حائل رُکاوٹیں اللہ کے فَضْل وکرَم سے بَتَدْرِیْج (آہستہ آہستہ)دُور ہوتی چلی جاتی ہیں نیز پابند ِ سُنّت بننے ، گُناہوں سے نفرت کرنے اور ایمان کی حِفاظت کے لئے کُڑھنے کا ذہن بھی بنتا ہے۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

راہِ نَجات کا بہترین ذریعہ

مَدَنی اِنعامات کے بارے میں اگر یہ کہا جائے کہ یہ نَجات کی راہ پر چلنے کا ایک بہترین ذریعہ ہیں تو شاید بے جا (غَلَط)نہ ہوگا، کیونکہ ان میں سے بعض مَدَنی اِنعامات فَرَائِض پر،بعض واجِبات پر اور بعض سُنَن و مُسْتَحَبّات پر مُشْتَمِل ہیں اور یقیناً یہ تمام کام اُخْرَوی نَجات کا باعث اور جَہَنَّم سے بچا کر جنّت تک پہنچانے والے ہیں، آئیے اِن میں سے چند مَدَنی اِنعامات کے بارےمیں سُنتے ہیں مثلاً:

٭سب سے پہلا مَدَنی اِنعام ہے کہ کیا آج آپ نے کچھ نہ کچھ جائز کاموں سے پہلے اچھی اچھی نیّتیں کیں؟نیز کم از کم دو کو اس کی تَرْغِیْب دِلائی؟“