Book Name:Ramazan Ki Amad Marhaba

سَیِّدَتُنا خدیجۃُ الکبریٰ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا    کا تعارف

اُمُّ المؤمنین حضرت سَیِّدَتُنا خدیجۃُ الکُبریٰ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہا عامُ الْفِیْل سے 15 سال پہلے پیدا ہوئیں۔ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کا نام خدیجہ،والِد کا نام خُوَیْلِد اور والِدہ کا نام فاطِمَہ ہے۔آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا کی  کُنْیَت اُمُّ الْقَاسِم اور اُمِّ ھِند ہے۔آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا کے القابات طاہِرہ،سَیِّدَہ،صِدِّیْقَہ اور”الکُبریٰ“ ہیں،آپ رَضِیَ اللہُ  تَعَالٰی عَنۡہَا کا یہ آخری لَقب نام کے ساتھ اِس کثرت سےبولاجاتا ہےکہ گویا نام ہی کا حِصَّہ ہو۔آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہانے عَورَتوں میں سب  سے پہلے اِسلام قَبول کیا،آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا خاتونِ جنّت حضرت فاطمۃُ الزہراءرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہَا کی والِدۂ ماجِدہ اور نوجوانانِ جنّت کے سردار حضراتِ  حَسَنَیْنِ کَرِیْمَیْن رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنۡہُمَا کی نانی جان ہیں،آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہا نے اپنی ساری دولت حُضُورصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے قدموں پرقربان کردی اور اپنی تمام عُمَر حُضُور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی خِدمَت کرتے ہوئے گزاری ۔ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کی حَیَاتِ پاک میں رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے کسی اور سے نِکاح نہ فرمایا۔آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہا تقریباً 25سال حُضور پُرنُور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی شریکِ حیات رہیں،اِعلانِ نُـبُوّت کے دسویں سال 10 رَمَضانُ المبارَک میں وِصال فرمایا،بوقتِ وصال آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا کی عمرِ مبارک65 سال تھی،آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا جَنَّتُ الْمَعْلٰیمیں آرام فرما ہیں۔آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا کی سیرت کے بارے میں مزید معلومات کے لئے دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کی کتاب”فیضانِ اُمَّہَاتُ الْمُؤمنین“صفحہ31تا39اور رسالہ”فیضانِ خدیجۃُ الکبریٰ“کا مطالعہ فرمائیے۔ دعوتِ اسلامی کی ويب سائٹ www.dawateislami.net سے اِس کتاب اور رسالے کو پڑھابھی جاسکتا ہے،ڈاؤن لوڈ(Download)اور پرنٹ آؤٹ (Print Out)بھی کيا جا سکتا ہے۔