Book Name:Qaroon Ki Halakat Ka Sabab

    زکوٰۃ دینے والے کیلئے  سب سےبڑی سَعَادت یہ ہے کہ اس پر رحمتِ اِلٰہی  کی چَھما چَھم برسات  ہوتی ہے چنانچہ پارہ9سُوْرَۃُ الْاَعْرَاف آیت نمبر156میں ہے :

وَ رَحْمَتِیْ وَ سِعَتْ كُلَّ شَیْءٍؕ-فَسَاَكْتُبُهَا لِلَّذِیْنَ یَتَّقُوْنَ وَ یُؤْتُوْنَ الزَّكٰوةَ وَ الَّذِیْنَ هُمْ بِاٰیٰتِنَا یُؤْمِنُوْنَۚ(۱۵۶)

تَرْجَمَۂ کنز الایمان:اورمیری رحمت ہرچیزکو گھیرےہے تو عنقریب میں نعمتوں کواُن کے لئے لکھ دُوں گا جو ڈرتے اور زکوٰۃ دیتے ہیں اور وہ ہماری آیتوں پر ایمان لاتے ہیں۔

اگرکسی عقلمند سے پوچھا جائے کہ ساری مَخلُوق کی نیکیاں تیرے نامۂ اعمال میں  لکھ دی جائیں  تجھے یہ پسند ہے یا اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی ایک خاص رَحمت تجھ پر نازل ہوجائے ؟تو وہ ساری مخلوق کی نیکیاں مل جانے پر اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی ایک خاص رَحمت حاصل ہوجانے کوپسند کرے گا۔ یقیناً کس قَدر خُوش بَخت ہیں  وہ لوگ  جو  ہرسال زکوٰۃ کی ادائیگی کرکے خود کو  اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی رَحمت کاحقدار بنالیتے ہیں ۔

کامیابی کا راستہ

    زكوة دينےکی برکت سے بندہ  فلاح ونَجات پانے والوں کی فہرست میں شامل ہوجاتا ہے،جیسا کہ پارہ18،سُوْرَۃُ الْمُؤمِنُوۡن،آیت نمبر4میں  ارشاد ہوتا ہے :

وَ الَّذِیْنَ هُمْ لِلزَّكٰوةِ فٰعِلُوْنَۙ(۴)

تَرْجَمَۂ کنز الایمان: اور وہ کہ زکوٰۃ دینے کا کام کرتے ہیں

اس آیت میں کامیابی پانے والے اَہْلِ ایمان کاایک  وَصْف بیان کیا گیا کہ وہ پابندی کے ساتھ  اور ہمیشہ  اپنے مالوں پر فرض ہونے والی زکوٰۃ دیتے ہیں ۔

مسلمان کے دل میں خوشی داخل کرنا