اسلام قبول کرنے پر مبارکباد

اسلام قبول کرنے والے گھرانے کو

 امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی مبارک باد

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ بابُ المدینہ کراچی کے مبلغِ دعوتِ اسلامی نے ایک غیر مسلم کو اسلام کی دعوت پیش کی، اس وقت تو وہ مسلمان نہیں ہوا مگر عیدالاضحیٰ (1438ھ) سے ایک یا دو دن پہلے وہ بشمول نانی جان اپنے پورے گھر والوں سمیت مسلمان ہوگیا۔ بعد میں معلوم ہواکہ مدنی چینل پر شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے مدنی مذاکرے اور نگرانِ شوریٰ کے سنّتوں بھرے بیانات سننے کی برکت سے ان کا دِل اسلام قبول کرنے کی طرف مائل ہوااور بالآخر پورے گھرانے کو ایمان کی دولت نصیب  ہوگئی۔ جب شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو یہ خوشخبری ملی تو آپ نے ان کو صَوتی پیغام کے ذریعے مبارَکباد دیتے ہوئے فرمایا:

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے اسلام قبول کرنے والے خوش نصیب گھرانے کو اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ اور ڈھیروں مبارَکباد!

بڑے خوش نصیب ہیں آپ حضرات کہ اسلام کی حقّانیت مدنی چینل کے ذریعے آپ لوگوں پر ظاہر ہوگئی اور اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّوَجَلَّ  خوش اِلحان نعت خواں طیّب عطاری بھائی نے یہ خوشخبری دی کہ آپ سب مسلمان ہوگئے۔

میں نے مسلمان ہونے والے دونوں بھائیوں کا اسلامی نام محمد رکھا، بڑے بھائی کو بلال رضا اور چھوٹے بھائی کو اُویس رضا کہہ کر پکاریئے، جبکہ تین بہنوں میں سے سب سے بڑی کا نام فاطمہ، اُس سے چھوٹی کا زینب اور سب سے چھوٹی کا سکینہ اور ان سب کی امّی جان کا نام حلیمہ اور حلیمہ کی امّی جان (یعنی بہن بھائیوں کی نانی) کا نام میں نے آمِنہ رکھا، اللّٰہ تعالٰی آپ سب کو اسلام کی خوب خوب برکتیں نصیب کرے، اس پر اِستقامت دے، اٰمین۔ آپ سب لوگ اس پر قائم رہنا، اب چاہے دنیا اِدھر کی اُدھر ہوجائے ہرگز ہرگز اسلام کو چھوڑنا نہیں ہے۔ ہوسکتا ہے آزمائشیں آئیں، راہِ اسلام میں آپ کا امتحان (Exam) ہو، ہر حال میں آپ دینِ اسلام پر ثابت قدم رہنا، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کی ضرور مدد ہوگی۔ اللّٰہ تعالٰی مدد کرنے والا ہے۔ اللہ کرے کہ آپ سب کو اور مجھے بھی اسلام و ایمان پر استقامت ملے، ہم سب کا خاتمہ ایمان پر ہو اور ہم سب بےحساب جنّت میں داخل ہوجائیں، اللہ تعالٰی آپ سب کو اور مجھے بھی دنیا اور قبر و آخرت مىں خوش رکھے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ہمت رکھئے گا، صبر و اِستقلال کے ساتھ اسلام پر جمے رہئے گا اور مىرى بے حساب مغفرت کى دعا کرتے رہئے گا۔(بِتَغَیُّر قلیل)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی بارگاہ میںکامیڈینعمر شریف کی عرض

حضرت! ميں عمر شريف عرض کررہا  ہوں، ميرا سلام قبول کیجئے:     اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

ميں آپ سے ملنا چاہتا تھا مگر آپ کی مصروفىت کی و جہ سے وقت نہىں مل سکا، لىکن مىں اپنى آواز آپ تک پہنچا رہا ہوں، مجھے بھی آپ اپنا مُرىد سمجھئے، حضور غوثِ اعظم پىرانِ پىر شىخ عبدالقادر جىلانی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ جو آپ کے بھی مرشِد ہىں مىرے بھى مرشِد ہىں، مىں آپ سے اىک درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ مىں بہت پرىشان ہوں، کسى نے عملىات کے ذرىعے مىرے روزى روزگار، صحت و تندرستى اور تمام کاموں کو بند کردىا ہے، جکڑ دىا ہے، مىرى آپ سے درخواست ہے کہ آپ اس وقت مىرا ساتھ دىجئے، مىرے لئے دعا فرمائىے اور جو کسى نے مىرے اوپر کردىا ہے اس کو ختم کرنے مىں مىرى مدد کىجئے، اللہ تبارک و تعالٰى آپ کو لمبى عُمْر، صحت و تندرستی سے نوازے اور اس کى جزا عطا فرمائے، آپ کى محبتوں کا منتظر: عمر شرىف

کامیڈین عمر شریف کو نیکی کی دعوت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے عمر شریف کی خدمت میں: اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

آپ کا صَوتى پىغام(Audio Message) سنا اور ابھی کچھ دیر پہلے مدنى چىنل پر آپ کے تأثرات بھی سُنے ہىں، اللّٰہ تعالٰی آپ کی مشکلات، پرىشانىوں، بىمارىوں اور آپ کے جو بھى مسائل ہىں ان سب پر رحمت کى نظر فرمائے اور آپ کو صحتوں، راحتوں، عافىتوں، عبادتوں، رىاضتوں، سنّتوں اور دىنى خدمتوں بھرى طوىل زندگى نصىب کرے۔ اللّٰہ تعالٰی دنىا کے ساتھ ساتھ آخرت کى بھلائىاں بھى نصىب فرمائے۔ دنىا تو گُزَشْتَنى (گزرنے والی) اور گُزَاشْتَنى (ترک کرنے کے لائق) ہے، آج ہم زندہ ہىں تو لوگ ہمیں آج مسٹر بولتے ہىں کل (مرنے کے بعد) مرحوم بولىں گے، ہم ہوں گے اور ہمارے اَعمال ہوں گے، اندھىرى قبر مىں روشنى کا اہتمام اسى زندگى مىں کرنا ہے، آخرت مىں سُرخروئى پانے کے لئے انتظام بھى اسى زندگى مىں کرنا ہے۔

آگاہ اپنى موت سے کوئى بَشر نہىں

سامان سو برس کے ہىں پل کى خبر نہىں

ہوسکتا ہے کہ ہم آج ہى راتوں رات قبر کى پہلى رات سے دو چار ہوجائىں۔ صوفیاء فرماتے ہیں:مُوْتُوْا قَبْلَ اَنْ تَمُوْتُوْا یعنی مرنے سے پہلے مرجاؤ! ىعنی (موت آنے سے قبل ہی) بندہ اپنے نفس کو مار دے، بُرى خواہشات کو دور کردے، اللہ کى رضا جوئى کے کام کرنا شروع کردے اور سچى توبہ کرلے۔ ىاد رکھئے! اىک اىک لفظ کا قىامت کے روز حساب ہے۔ اللّٰہ تعالٰی ہمارى دنىا و آخرت بہتر فرمائے، نمازوں کى پابندى ہوتى رہے، سنّتوں پر عمل ہوتا رہے۔ سچى توبہ کرکے بس نىکىوں کے کاموں مىں لگ جانے ہى میں عقل مندى ہے، ورنہ اللّٰہ تعالٰی کى ناراضى کى صورت مىں اُس کا عذاب کوئى بھى برداشت نہىں کرسکے گا، ىہاں تک کہ اگر کوئى کہے کہ مىں اللہ کا عذاب برداشت کرلوں گا تو وہ اسلام سے خارج ہوجائے گا کیونکہ اس نے اللہ کے عذاب کو ہلکا جانا۔

یاد رکھئے! جو کوئی جہنّم کے عذاب کو ہلکا جانے گا کافر ہوجائے گا۔ اللّٰہ تعالٰی ہم سب کو عقلِ سلىم نصىب کرے، اپنى رضا جوئى کے کام کرنے والا بنائے اور بے حساب مغفرت سے مشرَّف فرمائے۔

24،23ستمبر2017 کو عالمی مدنى مرکز فىضانِ مدىنہ کراچی مىں شوبز(Showbiz) سے وابستگان اسلامی بھائیوں کا مدنى مذاکرہ ہے، اس مىں ضرور تشرىف لائىے گا، آپ نے مدنی چینل پر تأثرات دیتے ہوئے عوام کو تو اس میں آنے کی دعوت دی ہے مگر مىں انتظار کرتا رہا کہ آپ ىہ بولتے ہىں یا نہىں کہ مىں بھى جاؤں گا، آپ لوگ بھى آئىں لیکن آپ نے ىہ نہىں فرماىا کہ مىں بھى جاؤں گا۔ اب نىت کرلىں اور دِل مىں بول دىں کہ مىں بھى جاؤں گا۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ([1])

اللہآپ کو  خوش رکھے، آپ کى مشکلات پر رحمت کى نظر فرمائے۔ بے حساب مغفرت کى دُعا کا ملتجى ہوں۔(بِتَغَیُّر)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

جامعۃ المدینہ کے درجہ امامت کورس کی حوصلہ افزائی

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے محرم الحرام میں ہونے والے مدنی مذاکروں میں ”احترامِ مسلم“، ”حسینی دولہا“اور”امامِ حسین کی کرامات“ رسائل پڑھنے کی ترغیب ارشاد فرمائی، جس پر لَبَّیْک کہتے ہوئے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ (باب المدینہ) کے مرکزی جامعۃ المدینہ کے درجۂ امامت کورس کے طلبہ و اساتذہ نے یہ رسائل درجہ اوقات کے علاوہ اجتماعی طور پر پڑھے۔ امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اس خبر کے ملنے  پر صَوتی پیغام میں ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے میٹھے میٹھے مدنی بیٹے محمد رمضان عطاری مُعَلِّم امامت کورس عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ! اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

مَا شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ آپ کی پیاری پیاری مدنی خبر حاجی ساجد باپو نے پہنچائی کہ آپ کے مرکزی جامعۃُ المدینہ کے درجۂ امامت کورس کے طلبہ و اساتذہ کرام نے تینوں رسائل ”احترامِ مسلم“، ”حسینی دولہا“اور”امامِ حسین کی کرامات“ درجے کے اوقات کے علاوہ اِجتماعی طور پر پڑھنے کی سعادت حاصل کی ہے۔

واہ! مرحبا! اللّٰہ تعالٰی علومِ دینیہ کی برکتوں سے آپ سب کا سینہ مدینہ بنائے، مدنی کاموں میں بھی کوشش تیز تَر کردیجئے،  اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ خوب سنّتوں کی بہاریں آئیں گی، اللہ کرے کے عاشورا (۱۴۳۹ھ) کے مدنی قافلے میں بھی آپ کے 100فیصد درجات سفر کریں۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔(بِتَغَیُّر قلیل)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے فرمان پر لَبَّیْک کہتے ہوئے تاج پور شریف، (الھند) کے جامعۃُ المدینہ کے درجۂ دورۂ حدیث شریف کے 24 میں سے 18 طلبۂ کرام نے بھی ”احترامِ مسلم“ رسالہ پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔



1۔۔۔امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی ترغیب پر لَبَّیْک کہتے ہوئے فنکار عمر شریف نے 24 ستمبر 2017 کو ہونے والے مدنی مذاکرے میں شرکت کی اور امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے سوالات بھی کئے۔


Share

Articles

Comments


Security Code