دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دُھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا ابو شیبان عطاری مَدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر 2023

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران

مولانا حاجی محمد عمران عطّاری کا دورۂ افریقہ

ملاوی کے شہر بلنٹائر میں 1138 لوگوں نے اسلام قبول کرلیا

نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے نیکی کی دعوت پھیلانے اور تنظیمی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے جولائی 2023 میں ساؤتھ افریقہ کے دورے کے لئے روانہ ہوئے۔ساؤتھ افریقہ کے مختلف ممالک کا سفر کرتے ہوئے آپ 14 جولائی 2023ء کو  رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطّاری اور دیگر عاشقانِ رسول کے ہمراہ ملاوی  ( Malawi ) پہنچے۔

اس موقع پر ملاوی  کے شہر بلنٹائر  ( Blantyreمیں 16 جولائی  2023 کو دعوتِ اسلامی کے تحت سنتوں بھرا عظیمُ الشان اجتماع بھی منعقد کیا گیا جس میں کثیر غیرمسلم بھی شریک ہوئے ، اجتماع میں نگرانِ شوری مولانا حاجی عمران عطّاری  مُدَّ ظِلُّہُ العالی  نے اسلامی تعلیمات پر  مشتمل سنتوں بھرا بیان فرمایااور غیر مسلموں کو قبولِ اسلام کی دعوت بھی دی جس کے نتیجہ میں 1138 غیر مسلموں نے قبولِ اسلام کیا ، نگران شوریٰ نے انہیں کلمہ طیبہ پڑھاکر دائرہ اسلام میں داخل کیا ۔خوشی کے اس موقع پر مفتی عبد النبی حمیدی مُدَّ ظِلُّہُ العالی ، رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطّاری ، نگران ملاوی مولانا محمد عثمان عطّاری مدنی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

امیر اہل سنت کا 540 مساجد بنام ”فیضانِ قراٰن“ بنانے کا اعلان

ہم ہر مخالفت کا جواب دینی کام سے دیں گے ، امیر اہل سنت

عید الاضحیٰ کے موقع پر دنیا بھر میں جہاں مسلمان حکمِ خداوندی کے مطابق اپنی اپنی قربانی پیش کر رہے تھے وہیں فانی دنیا کے ایک حصے میں مسلمانوں کے دلوں کو تڑپانے  اور اسلام دشمنی دکھانے کے لئے قراٰن پاک کا نسخہ نذرِ آتش کر کے اس کی بے حُرمتی کی گئی ، اس بد ترین حرکت پر دنیا بھر کے مسلمان سراپا احتجاج ہوکر اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔

دنیا بھر میں دینِ اسلام کی تعلیمات عام کرنے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی بھی اپنے پُر امن انداز میں اس فعل کی مذمت کر رہی ہے ، اس سلسلے میں امیر اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی ترغیب پر   14 جولائی 2023ء کو دنیا بھرمیں عاشقانِ رسول نے  قراٰن پاک کی تلاوت کرکے ”یومِ تلاوتِ قراٰن“ منایا۔

15 جولائی 2023ء کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی سے براہِ راست  ( Live )  ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں اس درد ناک ، شرمناک اور غمناک واقعے کی مذمت اور عملی ردِّ عمل کے لئے بانیِ دعوتِ اسلامی شیخِ طریقت امیر اہلِ سنّت علامہ محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے قراٰنِ پاک کے 540 رکوع کی نسبت سے دنیا بھر میں”فیضانِ قراٰن“ نامی 540 مساجد بنانے کا اعلان کرتے ہوئے تمام عاشقان رسول کو اس کی ترغیب دلائی۔

دورانِ ترغیب امیرِ اہلِ سنت کا کہنا تھا کہ عاشقان قراٰن کہاں نہیں ہیں ، ہم ہر مخالفت کا جواب دینی کام سے دیں گے ، جو مسجد بنائے گا ، اللہ پاک اس کے لئے جنت میں گھر بنائے گا۔ آپ دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے یہ بھی فرمایا کہ اگر پوری مسجد نہیں بناسکتے تو آپ حصہ لے لیں ، اللہ پاک کی رحمت سے امید ہے کیا معلوم آپ کا دیا ہوا ایک روپیہ ایک کروڑ سے بڑھ جائے ، لہٰذا سب کو مل کر کوشش کرنا ہے ، میری درخواست ہے مخیر حضرات آگے آئیں اور سرکار  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  سمیت اپنے والدین کے ایصال ثواب کے لئے مساجد تعمیر کروائیں۔

ترغیب دلاتے ہی دنیا بھر سے مساجد بنانے کے لئے عاشقانِ رسول کے پیغامات آنا شروع ہوگئے۔ اس موقع پر داتا صاحب کے شہر لاہور سے رکن شوریٰ حاجی یعفور رضا عطّاری نے بھی  500 مساجد تعمیر کرنے کا ہدف بیان کرکے اپنی نیک نیتی ظاہر کی۔

امیرِ اہلِ سنّت کی ترغیب پر

 14 جولائی یومِ تلاوتِ قراٰن کے طور پر منایا گیا

مسلمانوں نے تلاوتِ قراٰن  کے ذریعے اپنی وابستگی کا ثبوت دیا

قراٰن پاک کی حالیہ بے حُرمتی کی عملی مذمت کیلئے شیخ طریقت امیر اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی جانب سے  14 جولائی 2023ء کو ”یومِ تلاوتِ قراٰن“ منانے کے اعلان و ترغیب پر عاشقانِ رسول نے بروز جمعہ تلاوتِ قراٰن کر کے قراٰنِ پاک سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔

15 جولائی 2023ء کی شب ہونے والے مدنی مذاکرے میں دنیا بھر میں پڑھے جانے والے قراٰنِ پاک کی اور پڑھنے والوں کی جو کارکردگی سامنے آئی  اس کے مطابق ملک و بیرون ملک میں ایک پارہ پڑھنے والے اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کی تعداد : 9 لاکھ ، 63 ہزار ، 943 رہی جبکہ ہفتہ وار اجتماع میں ایک پارہ سننے والے اسلامی بھائیوں کی تعداد : 1لاکھ ، 29 ہزار ، 275رہی جبکہ مجموعی تعداد   10 لاکھ ، 93 ہزار ، 218بنتی ہے۔

 

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code