سیرت مصطفٰےکامطالعہ کیسے کریں؟

نبیِّ اکرم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک زندگی کا لمحہ لمحہ ہمارے لئے راہِ ہدایت ہے کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زندگی کو کامل نمونہ (Complete Role Model ) بنایا اور آپ کی پیروی کا حکم دیا۔ نبیِّ رحمت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک سیرت کو محفوظ کرنے کی خوب خوب کوشش کی گئی۔ مصطفےٰ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ مبارکہ کے مطالَعہ کے سلسلے میں چند مدنی پھول حاضر ہیں، انہیں پیشِ نظر رکھ کر مطالعہ کرنےسے کئی فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں:

(1)مطالعہ کے لئے کتب کا انتخاب کیجئے، ابتدا میں مکتبۃ المدینہ سے شائع ہونے والی کتب و رسائل (مثلاً بڈھا پجاری، نور والا چہرہ، سیاہ فام غلام، سیرتِ مصطفےٰ، سیرتِ رسول ِ عربی) کا مطالعہ کرلیجئے۔ سیرت کے موضوع پر مستند سُنی علمائے کرام ہی کی کتب لیجئے،کسی بدمذہب یا غیر مسلم کی لکھی گئی کتاب پڑھنے سے مکمل طور پر گُریز کیجئے علمائے کرام اس سے سختی سے منع فرماتے ہیں چنانچہ حضور سیّدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرَّحمٰنفرماتے ہیں:وہ کتابیں کہ بے دینوں یا بدمذہبوں نے لکھیں کہ ایسی کتابیں پڑھنا پڑھانا حرام ہے۔ (فتاویٰ رضویہ،ج23،ص693) (2)یاد رکھئے! آپ اس مقدس ذات کے شب و روزکو الفاظ کے ذریعے دیکھ رہے ہیں جو عالمین کے لئے رحمت اورمحبوب ربُّ العزت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہیں جن کی عقیدت”ایمان کا مرکز“ اور ”اسلامی زندگی کا محور“ ہے اس سے مکمل طور پر فائدہ حاصل کرنے کےلئے ظاہر و باطن کی پاکیزگی نہایت ضروری ہے لہٰذا ظاہری طہارت کے لئے وضو کیجئے اور باطنی طہارت کے لئے اپنے ذہن کو دنیا کے خیالات سے خالی کیجئے اور تصورِ رسول میں ڈوب کر مطالعہ کیجیئے۔ (3)اَعُوذ باللہ، بسمِ اللہ اور درودشریف پڑھ کر کتاب شروع کیجئےاور دل جمعی کے ساتھ پڑھتے رہئے، بے توجہی کے ساتھ ہرگز مت پڑھئے کیوں کہ جذبۂ عقیدت اور والہانہ جوشِ محبت جس قدر عروج پر ہوگا کتاب کے مضامین اتنی جلدی ذہن میں بیٹھیں گے۔ (4)اگر آپ چاہتے ہیں کہ سیرت کے مضامین آپ کےذہن میں ترو تازہ رہیں تو اس کے لئےتھوڑی سی محنت کرنی ہوگی وہ یہ کہ سیرت کی کتاب پڑھتے جائیے اور کچھ سوالات بناتے جائیے، 30منٹ مطالعہ کرنے کے بعد سوالات کا صفحہ اپنے سامنے رکھئے اور خود سے ان کے جوابات لیجئے،اگر یہ مشق مسلسل جاری رہی تو آپ خود محسوس کریں گے کہ سیرت سے متعلق کئی گوشے آپ کے ذہن میں نہایت مُنَظَّم انداز میں محفوظ ہوگئے ہیں۔ (5)مطالعہ کے دوران اگر کوئی بات سمجھ نہ آئے تو علمائے اہلِ سنّت کی بارگاہ میں حاضر ہوکراپنی مشکل پیش کیجئے اور ان کا عطا کردہ حل قبول کرلیجئے۔ (6)اپنے پیارے نبی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی یاد کو ہمیشہ تر و تازہ رکھنے کے لئے مطالعہ کے دوران بعض اعمال کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا لیجئے اس طرح جب جب وہ کام کریں گے نبیِّ پاک صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک یاد سے دل و دماغ پُر بہار رہیں گے۔

اللہ پاک ہمیں نبیِّ اکرم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت کا مطالعہ کرنے کی توفیق عطافرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…ذمہ دار فیضان اولیاوعلما،المدینۃالعلمیہ ،باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code