Book Name:Shan e Ameer e Muawiya
الرّضوان ، سب کے سب اَہْلِ بیتِ پاک کی سچّی پکی، حقیقی محبّت نصیب فرمائے اور اسی محبّت میں جینا مَرنا نصیب کرے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
ہم نے شروع میں آیتِ کریمہ سننے کی سَعَادت حاصِل کی، پارہ:19، سورۂ نمل، آیت: 59 ہے۔ اللہ پاک اِرْشاد فرماتا ہے:
قُلِ الْحَمْدُ لِلّٰهِ وَ سَلٰمٌ عَلٰى عِبَادِهِ الَّذِیْنَ اصْطَفٰى (پارہ:19، سورۂ نمل:59)
تَرجَمۂ کَنزالْعِرفَان:تم کہو: تمام تعریفیں اللہ کے لئے ہیں اور اُن بندوں پر سلام ہو جنہیں اللہ نے چُن لیا ہے۔
اِس آیتِ کریمہ میں اللہ پاک نے اپنے مَحبوبِ ذیشان، مکی مَدَنی سُلطان صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کو 2باتوں کا حکم دیا ہے:
(1):فرمایا: اے مَحْبوب صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم! اللہ پاک کی حمد بجا لائیے!
(2):فرمایا: اللہ پاک کے چُنے ہوئے بندوں پر سلام بھیجیے!([1])
ہمارے آقا و مولیٰ، مکی مَدَنی مصطفےٰ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی عاداتِ مُقَدَّسَہ میں یہ دونوں ہی عَمَل شامِل تھے، آپ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کَثْرت سے اللہ پاک کی حمد بجا لایا کرتے تھے۔