Book Name:Jalwa e Noor Hai Ke Sarapa Raza Ka Hai
وہ امامِ صفِ انبیا ہیں اُن کا رتبہ بڑوں سے بڑاہے
محبوبِ ذیشان، مکی مَدَنی سلطان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم پر ایمان لانا ہے تو آپ کی اِن سب سے اعلیٰ اور جُدا شانوں کے ساتھ ایمان لانا ہے، لہٰذا آپ کی جلالتِ شان اور عظیم عزّت و مرتبہ کو بیان کرتے ہوئے اللہ پاک نے فرمایا: ([1])
اٰمِنُوْا بِرَسُوْلِهٖ
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اس کے رسول پر ایمان لاؤ!
یعنی اے ایمان والو...!! اے وہ لوگو! جو اللہ پاک پر ایمان لے آئے، اللہ پاک کی کتابوں پر بھی ایمان لے آئے، سارے رسولوں اور نبیوں پر بھی ایمان لے آئے، اب ہمارے مَحْبُوب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کو اُن تمام شانوں کے ساتھ رسول مان لو جو ہم نے اُنہیں عطا فرمائی ہیں۔([2])
سُبْحٰنَ اللہ! کیسی پیاری بات ہے، معلوم ہوا؛ رسولِ ذیشان، مکی مَدَنی سلطان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی وہ تمام شانیں جو اللہ پاک نے آپ کو عطا فرمائی ہیں، اُن سب پر ایمان رکھنا، اُن سب کو دِل و جان سے ماننا ضروری ہے۔
اعلیٰ حضرترحمۃُ اللہِ علیہ اسی اِیْمانی شان کا اِظْہار کرتے ہوئے کہتے ہیں:
سب سے اَولیٰ و اعلیٰ ہمَارا نبی سب سے بالا و وَالا ہمَارا نبی
اپنے مولیٰ کا پیارا ہمَارا نبی دونوں عالَم کا دُولہا ہمَارا نبی
خلق سے اَولیا، اَولیا سے رُسل اور رَسولوں سے اَعلیٰ ہمَارا نبی
جیسے سب کا خدا ایک ہے ویسے ہی اِن کا اُن کا تمہارا ہمَارا نبی([3])