Book Name:Imam Jafar Sadiq Ki Betay Ko Nasihat

مال دار کون؟

                             حضرت امام جعفر صادقرَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے پہلی نصیحت یہ کی کہ:اے میرے بیٹے! مال دار وہ ہے جو تقسیم ِالٰہی پر راضی رہے اور جو دوسرے کے مال پر نظر رکھے وہ فَقر کی حالت میں ہی مرتاہے۔تقسیمِ الٰہی پرراضی نہ رہنے والاگویا اللہ پاک کواس کے فیصلے  میں تہمت لگاتا ہے۔ اپنی غَلَطی کو چھوٹا سمجھنے والا دوسرے کی غلطی کو بڑا اور دوسرے کی غلطی کو چھوٹا خیال کرنے والا اپنی غلطی کو بڑا سمجھتا ہے۔

  پیارے اسلامی بھائیو! اس نصیحت سے ہمیں یہ سیکھنے کو ملا کہ اپنے اندر قناعت پیدا کریں اور ہر حال میں اللہ پاک کا شکر ادا کرتے رہیں اوروہ جس حال میں رکھے،اُس کی رِضا پر راضی رہیں۔   

عُلَما کی صحبت باعث ِعزت ہے

امام جعفر صادق رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے دوسری نصیحت یہ کی کہ:اے میرے بیٹے! دوسرے کے عیبوں سے پردہ ہٹانے والے کے اپنے عیوب ظاہر ہوجاتے ہیں۔   کسی کے لئے گڑھا کھودنے والا خود ہی  اس میں جاگِرتا ہے۔ بےوقوفوں کی صحبت میں بیٹھنے والا حقیر وذلیل ہوتاجبکہ عُلَما کی صحبت اختیار کرنے والا عزت پاتاہے اور بُرائی کےمقام پرجانے والے پر تہمت لگائی جاتی ہے۔

پیارے اسلامی بھائیو!اس نصیحت سے ہمیں یہ مدنی پھول ملاکہ ہم دوسروں کے عیب نہ کھولیں، ہمیشہ دوسروں کی خیرخواہی کریں اورعلمائے کرام کی صحبتوں میں بیٹھنے کی کوشش کیا کریں۔