Book Name:Quran be Misl Kitab Hai
کفّارِ مکہ اور دیگرغیر مسلموں کا بنیادی نظریہ یہ تھا کہ یہ کِتَاب اللہ پاک کی طرف سے اُتاری ہوئی نہیں ہے۔ان سے اگر پوچھا جاتا کہ اگر یہ اللہ پاک کا کلام نہیں ہے تو پِھر کیا ہے ؟ اس سُوال کا کوئی واضِح جواب خُود ان غیر مسلموں کے پاس بھی نہیں تھا ، اس بارے میں وہ مختلف حیلے بہانے بناتے تھے مثلاً * کوئی کہتا تھا؛یہ شاعِری ہے * کوئی کہتا تھا ؛ یہ نجومیوں اور کاہنوں کی باتیں ہیں * کوئی کہتا تھا؛یہ جادُو ہے * کوئی کہتا کہ مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے یہ کلام خُود سے بنا لیا ہے یا کسی سے بنوایا ہے۔ غرض کہ جتنے مُنہ اُتنی باتیں تھیں ، کوئی غیر مُسْلِم واضِح طَور پر یہ ثابِت نہیں کر پایا تھا کہ اگر یہ کِتَاب اللہ پاک کا کلام نہیں ہے تو پِھر کیا ہے۔
اللہ پاک نے اِن غیر مسلموں کے تمام شکوک و شبہات اور فضول الزام تراشیوں کا صِرْف ایک ہی جواب دیا ، فرمایا :
وَ اِنْ كُنْتُمْ فِیْ رَیْبٍ مِّمَّا نَزَّلْنَا عَلٰى عَبْدِنَا
تَرجَمہ کَنْزُ الْعِرْفان : اور اگر تمہیں اس کتاب کے بارے میں کوئی شک ہو جو ہم نے اپنے خاص بندے پر نازل کی ہے۔
یعنی اگر تمہیں شک ہے کہ یہ قرآنِ کریم اللہ پاک کا کلام نہیں ہے تو پِھر ایک کام کرو !
فَاْتُوْا بِسُوْرَةٍ مِّنْ مِّثْلِهٖ۪-
تَرجَمہ کَنْزُ الْعِرْفان : تو تم اس جیسی ایک سورت بنالاؤ
یعنی اے غیر مسلمو ! تم بھی انسان ہو ، ہمارے محبوب صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم بھی انسان ہیں ، تم بھی عربی ہو ، وہ بھی عربی ہیں ، تم بھی اسی ملک کے رہنے والے ہو ، جہاں وہ رہتے