Book Name:Quran be Misl Kitab Hai
آپ تجربہ کر کے دیکھ لیجئے ! آپ اپنی پسند کا مصنف لیجئے ! اپنی سب سے پسندیدہ کتاب لیجئے ! اسے پڑھنا شروع کیجئے ! ایک مرتبہ پڑھیں گے ، 2 مرتبہ پڑھیں ، زیادہ سے زیادہ 100 بار پڑھ لیں گے ، آخر اکتاہٹ ہو جائے گی مگر قرآن وہ مبارک کلام ہے کہ اسے ایک بار پڑھو یا ہزار بار پڑھو ، اس سے دِل اُکتاتا نہیں بلکہ مزید پڑھنے کی خواہش اُٹھتی ہے۔ حضرت علی المرتضیٰ رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں ، حضورِ اقدس صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے ارشاد فرمایا : قرآن وہ ہے جس کی برکت سے خواہشات بگڑتی نہیں اور جس سے دوسری زبانیں مشتبہ نہیں ہوتی ، علما اس سے سیر نہیں ہوتے ، یہ بار بار دہرائے جانے سے پرانا نہیں ہوتا اور اس کے عجائبات ختم نہیں ہوتے۔ ( [1] )
قرآنِ کریم کے چند حقوق کا بیان
پیارے اسلامی بھائیو ! الحمد للہ ! اللہ پاک نے ہمیں ایسا پاکیزہ کلام قرآنِ مجید عطا فرمایا ، یقیناً یہ ہمارے لئے بہت بڑی سعادت کی بات ہے ، الحمد للہ ! * قرآنِ کریم کتابِ ہدایت بھی ہے * کتابِ رحمت بھی ہے * کتابِ حکمت بھی ہے * اس کی بہت ساری خصوصیات ہیں * اس کی بہت زیادہ برکات ہیں۔اب غور یہ کرنا ہے کہ ہمارقرآنِ کریم کے ساتھ تعلق کیسا ہے ؟ ہم اس کی قدر کتنی کرتے ہیں۔
* قرآنِ کریم کی ایک ایک بات پر پختہ ایمان رکھنا * جو کچھ قرآنِ کریم نے فرما دیا * اسے حق ، سچ ماننا * اس کے مقابلے میں اپنی عقل کے گھوڑے نہ دوڑانا * قرآنِ کریم کے مقابلے میں غیر مسلموں کے نظریات کے پیچھے نہ چلنا * یہ قرآنِ کریم کا سب سے پہلا اور بنیادی حق ہے۔