Book Name:Dil Ki Islah Kyon Zarori Hai
مٹا دے اپنی ہستی کو اگر کچھ مرتبہ چاہے کہ دانہ خاک میں مل کر گلِ گلزار ہوتا ہے
اے عاشقانِ رسول ! دِل کی سختی کے یہ 4 بنیادی اَسْبَاب ہیں : ( 1 ) : لمبی اُمِّیدیں ( 2 ) : حَسَد ( 3 ) : جلد بازی ( 4 ) : اور تکبّر۔ ہم نے ان چاروں سے بچنا ہے * لمبی اُمِّیدیں نہیں پالنی بلکہ موت کو ہمیشہ یاد رکھنا ہے ، یہی تَصَوُّر باندھنا ہے کہ بَس موت آنے ہی والی ہے * حَسَد کی آگ میں نہیں جلنا ، جو اللہ پاک نے عطا کیا ، اس پر شکر گزار رہنا ہے اور ہمیشہ دُوسروں کا بھلا ہی چاہنا ہے ، کبھی کسی کا بُرا نہیں سوچنا * کبھی بھی جلد بازی سے کام نہیں لینا ، ہر کام غور وفِکْر کے ساتھ آرام سے ، تحمل سے کرنے کی عادَت بنانی ہے * اور تکبّر سے تو لازمی لازمی بچتے رہنا ہے کہ شیطان کی ہزاروں سال کی عِبَادَت اسی تکبّر کی وجہ سے ضائِع ہوئی اور وہ ہمیشہ کے لئے نامراد ہو کر رہ گیا۔ یہ 4کام کریں گے تو اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! دِل کی اِصْلاح ہو گی ، دِل اُجْلا اُجْلا پاک صاف ہو جائے گا۔
دِل کی سختی کے 3 روحانی علاج
شیخِ طریقت ، امیرِ اہلسنت حضرت علَّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنی کتاب مدنی پنج سُورہ میں لکھتے ہیں : ( 1 ) : جو کوئی ہر نماز کے بعد 100 مرتبہ یَااللہ پڑھے ، اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! اس کا باطِن کُشَادہ ہو گا ( 2 ) : جو روزانہ نمازِ فجر کے بعد سینے پر ہاتھ رکھ کر 70 مرتبہ یَا فَتَّاحُ پڑھے ، اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! اُس کے دِل کا زنگ و میل دور ہو گا ( 3 ) : اور جو روزانہ کسی بھی وقت دِن میں ایک مرتبہ 7 بار یَافَتَّاحُ پڑھا کرے ، اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! اس کا دِل روشن ہو گا۔