Hazrat Ibrahim Ke 3 Ausaf

Book Name:Hazrat Ibrahim Ke 3 Ausaf

آیت : 75 میں ارشاد ہوا ، وہ ہے : اَوَّاہٌ۔اس کا لفظی معنی ہے : بہت آہیں بھرنے والا۔

حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلام اس وَصْف میں بھی بہت کمال رکھتے تھے ، آپ خوفِ خُدا کے سبب ، اللہ پاک کی محبّت میں بہت آہیں بَھرتے ، خوب گریہ و زاری فرمایا کرتے تھے۔

حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلام کی آہ و زاری کی 2  مثالیں

 * اِحْیاءُ عُلُومِ الدِّین میں ہے : اللہ پاک کے خلیل حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلام جب نماز کے لئے کھڑے ہوتے تو خوفِ خُدا کے سبب اس قدر رَوْتے کہ ایک میل  ( تقریباً ڈیڑھ کلو میٹر )  کے فاصلے سے آپ کے سینے میں ہونے والی گڑگڑاہٹ کی آواز سنائی دیتی۔ ( [1] )  * اسی طرح جب آپ عَلَیْہِ السَّلام پر خوفِ خُدا  کا غلبہ ہوتا تو اس قدر روتے کہ اللہ پاک (  آپ کی تسکین کی خاطِر  ) حضرت جبرائیل عَلَیْہِ السَّلام کو بھیجتا ، حضرت جبرائیل عَلَیْہِ السَّلام عرض کرتے : اے ابراہیم عَلَیْہِ السَّلام ! ( اللہ پاک فرماتا ہے ) کیا آپ نے کبھی ایسا دوست دیکھا ہے جو اپنے دوست کو عذاب دیتا ہو ؟  حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلام یہ سُن کر فرماتے : اے جبرائیل ! جب میں اپنی طرف نِگاہ کرتا ہوں تو یہ بُھول جاتا ہوں کہ میں اللہ پاک کا خلیل ہوں۔ ( [2] )   

اللہ اَکْبر ! یہ ہے حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلام کی صِفَتِ اَوَّاہ۔ آپ بہت خوفِ خُدا والے ، اللہ پاک کی محبّت میں ، اس کے خوف میں بہت آہیں بھرنے والے تھے۔ کاش ! حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلام کا صدقہ ہمیں بھی خوفِ خُدا کی دولت نصیب ہو جائے۔

تِرے خوف سے ، تیرے ڈر سے ہمیشہ میں تھرتھر رہوں کانپتا یااِلٰہی !

مِرے اَشْک بہتے رہیں کاش ہر دَم                                 ترے خوف سے یاخُدا یااِلٰہی !


 

 



[1]...احیاء علوم الدین ، کتاب الخوف و الرجاء ، بیان احوال الانبیاء …الخ ، جلد : 4 ، صفحہ : 222۔

[2]...مِنْهَاجُ الْعَابِدِین ، العقبۃ الخامسۃ عقبۃ البواعث ، اصل الثانی...الخ ، صفحہ : 316 ۔