Book Name:Data Huzoor Ki Nasihatain
دِل کی پاکیزگی کے لئے ، باطنی بیماریوں سے شِفَا پانے کے لئے ، دِل سے گُنَاہوں کے میل اُتارنے کے لئے ہمیں کیا کرنا چاہئے ، آئیے ! داتا حُضُور رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کی خِدْمت میں حاضِری دیتے اور اس سُوال کا جواب معلوم کرتے ہیں۔ داتا حُضُور رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ نے صِرْف ایک شِعر میں دِل کی پاکیزگی کا طریقہ بتایا ہے ، فرماتے ہیں : ( [1] )
اِنَّ الصَّفَا صِفَۃُ الصِّدْیْق اِنْ اَرَدْتَّ صُوْفِیًا عَلَی التَّحْقِیْق
وضاحت : صاف دِل ہونا اِسْلام کے پہلے خلیفہ اَمِیْرُ الْمُؤْمِنِیْن حضرت صِدِّیق اکبر رَضِیَ اللہ عَنْہُ کی صِفَّت ہے ، اگر سچّے صُوفِی ( صاف دِل ) بننا چاہتے ہو تو اُن کی سیرت سے راہنمائی حاصِل کرو۔
اُمَّت میں سب سے پاکیزہ دِل کون؟
اپنے اس فرمان کی وَضَاحت کرتے ہوئے داتا حُضُور رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : باطِن یعنی دِل کی صَفَائی کے لئے 2 باتیں ضروری ہیں؛ ان میں ایک اَصْل ہے اور دوسری اس کی شاخ ہے ، اَصْل یہ ہے کہ دِل سے غَیْرُ اللہ کی محبت پُوری طرح نِکال دی جائے اور شاخ یہ ہے کہ دِل کو دُنیا کی محبت سے خالی کر لیا جائے اور اُمَّت میں یہ دونوں باتیں سب سے زیادہ ، پُوری اور کامِل جس ہستی میں پائی جاتی ہیں؛ وہ اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکر صدیق رَضِیَ اللہ عَنْہُ ہیں۔ ( [2] )
یقیناً منبعِ خوفِ خُدا صدیق اکبر ہیں حقیقی عاشِقِ خیر الوریٰ صدیقِ اکبر ہیں