Book Name:Taqwa o Parhezgari
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنْ تَتَّقُوا اللّٰهَ یَجْعَلْ لَّكُمْ فُرْقَانًا وَّ یُكَفِّرْ عَنْكُمْ سَیِّاٰتِكُمْ وَ یَغْفِرْ لَكُمْؕ-وَ اللّٰهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِیْمِ(۲۹) (پ۹ ، الانفال : ۲۹)
ترجمہ کنز العرفان : اے ایمان والو اگر تم اللہ سے ڈرو گےتو تمہیں حق و باطل میں فرق کردینے والا نور عطا فرمادے گااور تمہارے گناہ مٹادے گا اور تمہاری مغفرت فرمادے گااور اللہ بڑے فضل والا ہے۔
حضرت امام خازن ابو الحسن علاءُ الدين علی بن محمد بن ابراہیم رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ اس آیت کریمہ کے تحت فرماتے ہیں : اللہ پاک کی اطاعت کرو اور گناہوں سے اجتناب کرو تو وہ تمہیں نُور دےگا اور تمہارے دلوں میں یہ توفیق دے گا کہ تم حق اور باطل کے درمیان فرق کر لوگے۔ حضرت مجاہد رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ فرماتے ہیں : اللہ پاک تمہارے لئے دنیا و آخرت میں نجات کی راہ نکال دے گا تمہارے سابقہ گناہوں کو مٹا دے گا ، دنیا و آخرت میں تمہارے گناہوں کی پردہ پوشی فرمائے گا۔ اور اللہ پاک بڑے فضل والا ہے ، یعنی وہی تم پر فضل فرماتا ہے اورسب مخلوق پر اسی کا فضل ہے۔ اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ اطاعت گزاروں پر اس کا فضل یہ ہے کہ ان کی نیکیاں قبول فرمالے اور گناہگاروں پر اس کا فضل یہ ہے کہ ان کے گناہ معاف فرما دے ۔ ( تفسیرخازن پ۹ ، الانفال ، تحت الایۃ : ۲۹ ، ۲ / ۱۹۱ ملتقطا)
حُجَّۃُ الْاِسلام حضرت امام ابو حامد محمد بن محمد بن محمد غزالی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ تقویٰ کی فضیلت واہمیت بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : تقویٰ ایک نادِر خزانہ ہے اگر تم اس خزانے کو پالینے میں کامیاب ہوگئے تو تمہیں اس میں بیش قیمت موتی وجواہرات ملیں گے اور علم و روحانی دولت کا بہت بڑا خزانہ ہاتھ آئے گا ، رزق کریم تمہارے ہاتھ آجائے گا تم بہت بڑی کامیابی حاصل کرلو گے ، بہت بڑی غنیمت پالو گے اور مُلکِ عظیم (جنت) کے مالک بن جاؤ گے ، یوں سمجھو کہ دنیا و آخرت کی بھلائیاں تقویٰ میں جمع کردی گئی