Book Name:Ala Hazrat Ka Andaz e Safar

دوعالَم صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کی حکومت جس طرح زمین پر ہے ، اسی طرح آسمان پر بھی ہے ، اُن مَجْذُوب بُزُرگ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ نے دوبارہ عرض کیا : حضورِ اکرم ، نور مجسم صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کی حکومت زمین پر نظر آرہی ہے ، آسمان پر نظر نہیں آتی۔ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ نے پھر فرمایا : کسی کو نظر آئے یا نہ آئے لیکن میرے آقا ، شہنشاہِ دوجہاں صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کی حکومت بحر وبَر ، خشک و تَر ، برگ وثمر ، شجر و حجر ، شمس وقمر ، زمین آسمان ہر شے پر ، ہر جگہ جاری تھی ، جاری ہے اور جاری رہے گی۔ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کا یہ پُر جلال جواب سُن کر وہ مجذوب بُزُرگ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ چلے گئے۔            

اِدَھر یہ مَجْذُوب صاحب گئے ، اُدھر اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کے شہزادے مصطفےٰ رضا خان رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ جن کی عمر مبارک اس وقت 6 سال تھی ، یہ اُس وقت چھت پر تشریف فرما تھے ، اچانک چھت سے گِر پڑے ، یہ حال دیکھ کر اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی والدہ محترمہ نے اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کو آواز دی اور فرمایا : تم ابھی ایک مجذوب سے الجھے تھے اور وہ شاید غصے میں چلے گئے ، دیکھو جبھی تو  “ مصطفےٰ رضا “ چھت پر  سے گِر پڑے ، مَجْذُوب سے الجھنا نہیں چاہئے۔

والدہ محترمہ کی یہ بات سُن کر اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ نے بااَدَب  کہا : مصطفےٰ رضا چھت سے گرے تو ہیں لیکن انہیں چوٹ نہیں لگی ہو گی۔ دیکھا گیا تو واقعی آپ کے شہزادے صحیح سلامت مسکرا رہے تھے ، اب سیدی اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ نے مُجَدِّدانہ جلال کے ساتھ فرمایا : اللہ پاک اگر ایسے ہزار مصطفےٰ رضا عطا فرمائے تو بھی خُدا کی قسم! ان سب کو شریعت پر قربان کر سکتا ہوں لیکن شریعتِ مطہرہ پر کوئی حرف نہ آنے دُوں گا۔