Book Name:Naikiyon Ki Hirs Kaisy Paida Ki Jay

وَ سَارِعُوْۤا اِلٰى مَغْفِرَةٍ مِّنْ رَّبِّكُمْ وَ جَنَّةٍ عَرْضُهَا السَّمٰوٰتُ وَ الْاَرْضُۙ-اُعِدَّتْ لِلْمُتَّقِیْنَۙ(۱۳۳) (پ۴،آل عمران ،۱۳۳)                                               

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اور اپنے ربّ کی بخشش اور اس جنت کی طرف دوڑوجس کی وُسعت آسمانوں اور زمین کے برابر ہے۔ وہ پرہیزگاروں کے لئے تیار کی گئی ہے۔

       بیان کردہ آیتِ مقدَّسہ کے تحت تفسیرصراطُ الْجِنَان میں لکھا ہے:گناہوں سے توبہ کرکے،اللہ پاک  کےفرائض کو ادا کرکے،نیکیوں پر عمل پیراہوکر(یعنی عمل کرکے)اور تمام اعمال میں اِخلاص پیدا کرکےاپنےربِّ کریم کی بخشش اورجنت کی طرف جلدی کرو۔(تفسیرصراط الجنان،۲/۵۳)

پیاری پیاری اسلامی بہنو! گناہوں سے توبہ کرکے جنت کی طرف بڑھیئے۔ اللہ پاک کے فرائض کو اداکرکے جنّت کی طرف پیش قدمی کیجئے،نیکیاں اِختیارکرکے جنّت کی طرف آگے بڑھئے،تمام اعمال میں اِخلاص پیدا کرکے ربِّ کریم کی بخشش اورجنّت کی طرف آگے بڑھئے۔ گناہوں سے سچی توبہ کیجئے،اللہ پاک کی نافرمانیوں سے توبہ کیجئے،نماز میں سُستی سے توبہ کیجئے اور پانچوں نمازیں پڑھنے کا اہتمام کیجئے۔والدین کی نافرمانی سے توبہ کیجئے،سُودکے لین دَین سے توبہ کیجئے،یتیم کا مال ناحق کھانے سے توبہ کیجئے،رمضان کے روزے بِلاعُذر چھوڑ دینے سے توبہ کیجئے،بدکاری سے توبہ کیجئے،کسی پرظلم کرنے سے توبہ کیجئے، تکبر کرنے سے توبہ کیجئے، جھوٹ بولنے سے توبہ کیجئے،کسی کے مال میں خیانت کرنے سے توبہ کیجئے ، جھوٹی قَسمیں کھانے سے توبہ کیجئے،خود کُشی کے بُرے اِرادے سے توبہ کیجئے، دکھلاوا کرنے سے توبہ کیجئے،بغیرشرعی عُذر کے رِشتہ داریاں ختم کرنے سے توبہ کیجئے،چُغلی سے توبہ کیجئے،مُسلمانوں کو تکلیف دینے سے توبہ کیجئے،کسی کی زمین و جائیداد پر ناجائزقبضہ کرنے سے توبہ کیجئے، ناحق جھگڑنے سے توبہ کیجئے۔