Book Name:Naikiyon Ki Hirs Kaisy Paida Ki Jay

       اللہ پاک کے فرائض کو ادا کرکے بخشش کی طرف بڑھیے،جنّت کی طرف بڑھئے،فرض نمازوں کی ادائیگی کرکے جنّت کی طرف بڑھئے،فرض روزے رکھ کر جنّت کی طرف بڑھئے،فرض حج ادا کرکے جنّت کی طرف بڑھئے،اچھی اچھی نیّتیں کرکے جنّت کی طرف بڑھئے،صبح و شام اللہ پاک کا ذِکرکرکے جنّت کی طرف بڑھئے،تِلاوتِ قرآن کواپنا معمول بناکر جنّت کی طرف بڑھئے،دُرودِپاک کی کثرت کرکے جنّت کی طرف بڑھئے،نبیِّ پاک صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی پیاری پیاری سُنّتوں پرعمل کرکے جنّت کی طرف بڑھئے،اپنے ہرعمل میں اِخلاص پیداکرنے کی کوشش کیجئے۔

پارہ 5سُوْرَۃُ النِّسآءکی آیت نمبر 124 میں اِرْشادہوتا ہے:

وَ مَنْ یَّعْمَلْ مِنَ الصّٰلِحٰتِ مِنْ ذَكَرٍ اَوْ اُنْثٰى وَ هُوَ مُؤْمِنٌ فَاُولٰٓىٕكَ یَدْخُلُوْنَ الْجَنَّةَ وَ لَا یُظْلَمُوْنَ نَقِیْرًا(۱۲۴) (پ ۵،النساء:۱۲۴)

تَرْجَمَۂ کنز العرفان:اور جو کوئی مرد ہو یا عورت اچھے عمل کرے اور وہ مسلمان بھی ہو تو یہی لوگ جنت میں داخل ہوں گے اور ان پر تِل کے برابر بھی ظلم نہیں کیا جائے گا۔

حکیمُ الاُمّت حضرت مفتی احمد یارخان نعیمی رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ   اس آیتِ کریمہ کے تحت اِرْشاد فرماتے  ہیں: جو بھی اِنْسان مرد ہو یا عورت بَقَدْرِ طاقت(جتنی طاقت ہو اتنا)عمل کرےنیک اور ہو وہ مومن صَحِیْحُ الْعَقِیْدہ(درست عقیدہ رکھنے والاتو)اُس کی جَزاء(بدلہ) یہ ہے کہ وہ بعدِ قیامت جنَّت میں جائےگا۔مُطابقِ اعمال(اعمال کے حساب سے)اسے جنّت کا دَرَجہ ملے گا اور ان پر تِل برابر بھی ظُلم نہ ہوگا کہ وہ ہوں تو بڑے دَرَجہ کے مُسْتَحِق(حق دار)اور بِلا قُصُور(یعنی بغیرکسی  غلطی کے)ان کا دَرَجہ گھٹاکر(یعنی کم کرکے)انہیں اَدْنیٰ(نچلے)  دَرَجہ میں داخل کر دیا جائے  یہ ہرگز نہ ہوگا۔(تفسیرِ نعیمی،۵/۴۳۳)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                             صَلَّی اللّٰہُ  عَلٰی مُحَمَّد