Book Name:Mout Ka Zaeqa

موت سے پہلے سچی توبہ کر لیجئے

      پیاری پیاری اسلامی بہنو! ٭قبل اس کے کہ ہم بھی نَزع کی دَرْدْناک کیفیت میں مبتلا ہو جائیں، ٭قبل اس کے کہ روح نکلنے کی تکلیف سے ہمارا جسم بھی مفلو ج ہو جائے، ٭قبل اس کے کہ ہمیں بھی موت کے فرشتے گھیر لیں، ٭قبل اس کے کہ وقتِ اجل آن پہنچے اور توبہ کا دروازہ بند ہو جائے ، ٭قبل اس کے کہ حسرت و ندامت ہمیں گھیر لے، ہمیں اللہ پاک کی بارگاہ میں سچی توبہ کر لینی چاہیے۔ ہمیں موت آنے سے پہلے پہلے اللہ پاک سے اپنے گناہوں کی معافی مانگ لینی چاہیے۔ گناہ انسان سے ہی ہوتے ہیں لیکن گناہوں پر ڈَٹے رہنا، ان پر اِصرار کرتے رہنا اور توبہ سے منہ موڑ لینا بہت بڑی حماقت ہے، نیک اسلامی بہن کی شان یہ ہےکہ اگر اس سے کوئی گناہ سَرزَدْ ہو جائے تو وہ فوراً توبہ کرتی ہے، پھر گناہ ہو جائے تو وہ پھر توبہ کرتی ہے پھر گناہ ہو جائے تو وہ پھر توبہ کر تی ہے، اَلْغَرَض!بار بار توبہ کرنا ایمان کے تقاضوں میں سے ایک تقاضا ہے۔ اللہ پاک نے قرآنِ پاک میں کئی مقامات پر توبہ کرنے اور اپنے گناہوں سے معافی مانگنے کا حکم فرمایا ہے اور جو لوگ اللہ پاک کی بارگاہ میں سچی توبہ کرلیتے ہیں اللہ پاک ان سے بہت خُوش ہوتااوران پراپنا خُصُوصِی فَضل وکرم بھی فرماتا ہے۔ چُنانچہ پارہ 6سُوْرَۃُ الْمائِدہ کی آیت نمبر 39 میں اِرشاد ہوتاہے  :

فَمَنْ تَابَ مِنْۢ بَعْدِ ظُلْمِهٖ وَ اَصْلَحَ فَاِنَّ اللّٰهَ یَتُوْبُ عَلَیْهِؕ-اِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ(۳۹) ۶، المائدۃ:۳۹)     

ترجَمَۂ کنزُالایمان:تو جواپنے ظُلم کے بعدتوبہ کرے اور سنور جائے تو اللہاپنی مِہر (مہربانی)سے اس پر رُجُوع فرمائے گابے شک اللہبخشنے والا مہربان ہے۔