Book Name:Imam Malik ka ishq e Rasool

چہرے کا رنگ تبدیل ہوجاتا

حضرت سَیِّدُنا مُصعَب بن عبداللہ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فرماتے ہیں:جب حضرت سَیِّدُنا امام مالک رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کے سامنے نبیِّ اکرم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا ذکر کیا جاتا تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کے چہرے کا رنگ تبدیل(Change) ہوجاتاا ورکمر مبارک جھک جاتی۔ایک دن حاضرین نے امام مالک رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ سے ان کی اس کیفیت کے بارے میں پوچھا تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہنے فرمایا:جوکچھ میں نے دیکھاہے، تم دیکھتے تو مجھ پر اعتراض نہ کرتے۔میں نے قاریوں کے سردار حضرت سَیِّدُنا محمد بن مُنْکَدِر رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ  سے جب بھی کوئی حدیث پوچھی تو وہ عظمتِ حدیث اور یادِ رسول میں رودیتے یہاں تک کہ مجھے ان کے حال پر رحم آنے لگتا۔(الشفاء،الباب الثالث، ۲/۴۲ملخصاً)اے کاش! ہمیں بھی عشقِ رسول اور یادِ نبی میں رونا نصیب ہوجائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ

امامِ مالک رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ اور تعظیمِ خاکِ مدینہ

حضرت سَیِّدُنا امام شافعی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فرماتے ہیں:میں نے حضرت سیِّدُنا امام مالک رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کے دروازے پرخُرَاسَان یا مصر کے گھوڑے(Horses) بندھے ہوئے دیکھے۔ان سے زیادہ عمدہ گھوڑے میں نے کبھی نہ دیکھے تھے۔میں نے عرض کی:یہ کتنے عمدہ گھوڑے ہیں۔تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہنے فرمایا:میں یہ سب آپ کو تحفے میں دیتا ہوں۔میں نے عرض کی :ایک گھوڑا آپ اپنے لئے رکھ لیں۔توآپ رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہنےفرمایا:مجھے اللہ پاک سے حیا آتی ہے کہ اِس مبارک زمین کو اپنے گھوڑے کے قدموں تلے روندوں،جس میں اللہ پاک  کے رسول،رسولِ مقبول صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ تشریف فرما ہیں۔(احیاء علوم الدین،کتاب العلم،باب ثانی فی العلم المحمود والمذموم واقسامھما واحکامھما،ج۱/ ۴۸)