Book Name:Kamalaat-e-Mustafa

گھروں،بازاروں وغیرہ میں تھے،مدینہ منورہ کے بچے عورتیں بھی اس دعوت میں شامل کرلی گئی تھیں۔غرض کہ کھانے والوں کے میلے لگ گئے تھے۔خوش نصیب تھے وہ لوگ جو اس برکت والے کھانے سے مشرف ہوئے۔ ٭حضورصَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ان سب کی دعوت کر دی،  اس دن لنگر حضور کا تھا گھر حضرت جابر کا، لہٰذا یہ اعلان اور دعوت بالکل درست ہے۔ جو چیز استعمال سے گھٹے نہیں وہ مالک کی بغیر اجازت استعمال کی جاسکتی ہے جیسے کسی کے چراغ کی روشنی میں مطالعہ کرلینا،کسی کی دیوار سے سایہ لے لینا۔ آج یہ کھانا ان کھانے والوں کے استعمال سے گھٹے گا نہیں لہٰذا حضرت جابر کی بغیر اجازت حضور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے سب کو دعوت دے دی۔

 ٭حضرتجابر تمام آدمیوں کو دعوت دینے اور ان میں اعلان کرنے سے حیران  رہ گئے، آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نےان کی حیرانی ملاحظہ فرمائی اورتسکین(Console) دینے کے لیے یہ فرمایا:گھبراؤ نہیں اﷲ فضل کرے گا جو لائے گا وہ کھلائے گا،تم اتنا کرنا کہ میرے آنے سے پہلے ہانڈی چولہے سے نہ اتارنا اور آٹا پکانا شروع نہ کرنا پھر قدرت خدا کا تماشا دیکھنا۔٭اس واقعہ میں حضور انور (صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ)کے لعاب شریف کے بہت سے معجزات ہیں: بوٹیوں میں کثرت و برکت، شوربے کے پانی میں برکت،شوربے کے نمک مرچ مصالحہ گھی میں برکت و کثرت،آٹے میں برکت و کثرت،جس لکڑی سے یہ چیزیں پکائی گئیں اس میں برکت،روٹی پکانے والی کے ہاتھ میں قوت و طاقت ورنہ اتنی بڑی جماعت کی دعوت کے لیے کئی من گوشت لکڑیاں آٹا چاہیے بہت پکانے والے اور بہت تنور چاہئیں جیساکہ آج کل شادیوں کی دعوتوں میں دیکھا جاتا ہے۔ ٭(حضرت)موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام  کے عصا سے پانی کے بارہ چشمے پتھر  (Stone)سے پھوٹے یہاں حضور (صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ)کے لعاب سے ہانڈی سے بوٹیوں شوربے کے چشمے پھوٹے۔ (مرآۃُ المناجیح ،۸/۱۳۵ملتقطاً)