Book Name:Aala Hazrat Ki Ibadat o Riazat

عَلالت و ضُعْف ِفَراواں (شدید کمزوری)کے باعِث اعلیٰ حضرت (رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ)نے اپنے اندر موسمِ گرما میں روزہ رکھنے کی طاقت نہ پائی تو اپنے حق میں یہ فتویٰ دیا کہ پہاڑ پر سردی ہوتی ہے وہاں روزہ رکھنا ممکن ہے لہٰذا روز ہ رکھنے کے لیے وہاں جانا استِطاعت کی وجہ سے فَرْض ہوگیا ۔پھر آپ روزہ رکھنے کے ارادے سے کوہِ بھوالی ضلع نینی تال تشریف لے گئے ۔(تجلیاتِ امام احمد رضا، ص133)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

      میٹھے میٹھے اسلامی  بھائیو!دیکھا آپ نے کہ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کتنی کم غِذا اِستِعمال فرماتے ! کاش ہماری بھی ڈَٹ کر کھانے کی عادت نکل جائے اور قفلِ مدینہ لگانے کی عادت بن جائے۔اس کے عِلاوہ سیّدی اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فَرْض عِبادات کو بجا لانے میں اس قَدَر مُحتاط تھےکہ 7 سال کی عُمرِ مُبارَک سے ہی روزوں کا اہتِمام شُروع  فرمادیا اور اَخیرِ عمر تک نہ تو کوئی روزہ چھوڑا اور نہ ہی قَضا کرنے کی حاجت پیش آئی ۔مگر افسوس !فی زمانہ ہمارے مُعاشرے میں لوگ رَمَضان کے روزے چھوڑنے کےلیے بے شُمار جَتَن کرتے ہیں، بہانے بناتے اور کسی عُذرِ مُعْتَبَر کے بِغیر روزے چھوڑ دیتے ہیں۔ یا د رکھئے! سَردَرْد، مَتْلی، ہلکا بُخار، کھانسی اور دیگر چھوٹی چھوٹی بیماریوں کی وجہ سے روزہ چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے ۔اگرچہ بعض مجبوریاں ایسی ہیں جن کے سَبَب رَمَضانُ الْمُبارَک میں روزہ نہ رکھنے کی اِجازت ہے۔مگر یہ یاد رہے کہ مجبوری میں روزہ مُعاف نہیں ہوجاتا بلکہ وہ مجبوری خَتْم ہوجانے کے بعد اس کی قَضاء رکھنا فَرْض ہے۔ البتّہ قَضاء کاگُناہ نہیں ہوگا۔مگر آج کل دیکھا جاتا ہے کہ معمولی نَزلہ،بُخار یا دَرْ دِ سَر کی وجہ سے لوگ روزہ تَرْک کردیا کرتے ہیں یا مَعَاذَ اللہ  عَزَّ  وَجَلَّ رکھ کر توڑ دیتے ہیں،ایسا ہر گز نہیں ہوناچاہیے۔اگر کسی صحیح شَرعِی مجبوری کے بِغیر کوئی روزہ چھوڑدے اگرچِہ بعد میں ساری عُمْربھی روزے رکھے، اُس ایک روزے کی فضیلت کو نہیں پاسکتا۔