Book Name:Hasnain Karimain ki Shan o Azmat

یہ خُوشی حُبِ جاہ(یعنی تعریف کی خواہش )کے مَرَض کانتیجہ تو نہیں،لہٰذااَنبیائے کِرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکے اَسْمائے مُبا رَکہ اورصَحابہ کِرام وتابعینِ عِظام اور اولِیائے کِرام رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمکے ناموں پر نام رکھنے چاہئیں، جس کا ایک فائدہ تو یہ ہوگا کہ بچے کا اپنے اَسلاف(یعنی بزرگوں) سے رُوحانی تَعَلُّق قائم ہوجائے گا اور دُوسرا ان  نیک ہستیوں کا نام رکھنے کی برکت سےاس کی زندگی میں مدنی اثرات بھی مرتب ہوں گے۔ناموں کے حَوالے سے مزید دِلْچسپ اور حیرت انگیز مَعلُومات حاصِل کرنے کیلئےمکتبۃُ المدینۃ کی مَطبوعہ تقریباً 180صَفَحا ت پر مُشتمِل کتاب ’’نام رکھنے کے احکام‘‘ کامُطالَعہ کیجئے کہ اس  کتاب میں بچوں کے نام رکھنے کیلئے سینکڑوں اچھے ناموں کی فہرست  موجود ہے، نیز اس کے عِلاوہ بچوں کے نام رکھنے کےبارے میں کثیرمَدَنی پُھول جگہ بہ  جگہ اپنی خُوشْبُوئیں مَہکا رَہے ہیں ۔ 

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                   صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

حَسَنَیْنِ کَرِیْمَیْن کے فضائل احادیث کی روشنی میں:

میٹھے میٹھے اسلامی  بھائیو!نبیِّ کریم، رؤف ٌ رَّحیم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم نے مُختلف مَواقع پر ان حضرات کی ایسی شان وعَظَمَت بیان فرمائی جسے سُن کر اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  آپ کےدل میں حَسَنَیْنِ کَرِیْمَیْنرَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُما  کی مَحَبَّت بڑھے گی۔آئیے ان کی شَان وعظمت سے مُتَعلِّق چندفرامینِ مُصْطفیٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  سُنتے ہیں۔

مَنْ اَحَبَّ الْحَسَنَ وَالْحُسَیْنَ فَقَدْ اَحَبَّنِیْ وَمَنْ اَبْغَضَھُمَا فَقَدْ اَبْغَضَنِیْ،یعنی جس نے ان دونوں سےمَحَّبت کی اس نے مجھ سے مَحَّبت کی اور جس نے ان سے عَداوت کی اس نے مجھ سے عَداوت کی۔(ابن ماجہ،کتاب السنۃ،باب فی فضائل اصحاب رسول اللّٰہ،۱/۹۶، حدیث:۱۴۳)

هُمَا رَيْحَانَتَايَ مِنَ الدُّنْيَا یعنی حَسَن وحُسَین (رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا )دُنیا میں میرے دو (2)پُھول ہیں۔( صحیح البخاری،کتاب فضائل اصحاب النبی،باب مناقب الحسن والحسین، الحدیث:۳۷۵۳،ج۲،ص۵۴۷)