دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

مولانا حسین علاؤالدین عطّاری مدنی


ملاوی’’ویلکم ٹواسلام‘‘پروگرام میں 64 غیر مسلموں کا قبولِ اسلام

دعوتِ اسلامی کے شعبہ فیضانِ اسلام کے تحت افریقی ملک ملاوی (Malawi)کے شہر سانجے (Nsanje) کے اطراف گاؤں پوٹلا میں ’’ویلکم ٹواسلام‘‘ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی کمیونٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔ اس پروگرام میں مبلغین دعوتِ اسلامی نے بیانات میں اسلام کی اہمیت و افادیت واضح کرتے  ہوئے  شُرکا میں سے غیرمسلموں کو قبولِ اسلام کی دعوت دی،نتیجتاً  اَلحمدُللہ 64 غیر مسلم کلمہ طیبہ پڑھ کر دائرۂ اسلام میں داخل ہوگئے۔

کنز الایمان کراچی میں چوتھے دارُالحدیث کا افتتاح کردیا گیا

02 اگست 2023ء کو کراچی کے جامعۃُ المدینہ کنز الایمان بابری چوک میں نائٹ شفٹ کے پہلے اور کراچی سٹی کے چوتھے ”دارُ الحدیث “ کا افتتاح کیا گیاجس میں  رکنِ شوریٰ حاجی محمد علی عطّاری بھی شریک تھے ۔ افتتاحی تقریب میں استاذُ الحدیث مفتی محمد حسان عطّاری مدنی مُدَّ ظِلُّہُ العالی نےسنّتوں بھرا بیان کیا اور طلبۂ کرام کو بخاری شریف کی حدیث پڑھا کر شرح بھی بیان فرمائی۔

مڈلینڈ (برطانیہ)میں مبلغِ دعوتِ اسلامی کیلئے بہترین شہری کا ایوارڈ

دعوتِ اسلامی ویلز یوکے کے نگران اور فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن برطانیہ کے سربراہ سید فضیل رضا عطّاری کو اس سال مڈلینڈزپولیس اور کرائم کمشنر کی جانب سے بیسٹ سٹیزن ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ ویسٹ مڈلینڈز میں 6 ملین (60لاکھ) افراد میں سے اس ایوارڈ کے لئے ایک پاکستانی کا انتخاب ہونا پورے پاکستان بلکہ مسلم کمیونٹی اور اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بھی اعزاز کی بات ہے۔ سید فضیل رضا عطّاری نے اعزاز کو دعوتِ اسلامی کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اگر دعوتِ اسلامی نہ ہوتی تو یہ ایوارڈ میرے پاس نہ ہوتا،ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایوارڈان تمام ذمہ داران کے بھی نام کرتا ہوں جو کرونا کے دوران مثالی کاموں، شجرکاری مہم اور اَن گنت پروگرامز میں شامل رہے۔ انہوں نے بتایا کہ دعوتِ اسلامی  برطانیہ کی جیلوں میں اصلاحی کام کے علاوہ نائف کرائمز اور منشیات کے خلاف ورکشاپس بھی منعقد کررہی ہے۔

جامع مسجد سکینہ لاہور میں پروفیشنلز اجتماع کا انعقاد

دعوتِ اسلامی کے شعبہ پروفیشنلز فورم کے تحت 16 جولائی 2023ء کو جامع مسجد سکینہ صدیق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں I.T پروفیشنلز، انجینئرز، فنانس آفیسرز، پروفیسرز اور اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ مفتی دعوتِ اسلامی مفتی محمد ہاشم خان عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”عظمتِ قراٰن“پر سنتوں بھرا بیان کیا اور شُرَکا کو روزانہ تفسیر ”صراطُ الجنان“پڑھنے کی ترغیب دلائی۔ اس موقع پر نگرانِ مجلس شعبہ پروفیشنلز فورم محمد ثوبان عطّاری بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کشمیر چوہدری انوار الحق سے ملاقات

23جولائی 2023ء کو دعوتِ اسلامی کشمیر مشاورت کے ہیڈ حاجی سید جنید عطّاری نے دعوتِ اسلامی کے وفد کے ہمراہ وزیرِاعظم کشمیر چوہدری انوارُ الحق سے ملاقات کی   اور انہیں دعوتِ اسلامی کی دینی و سماجی خدمات سے متعارف کرواتے ہوئےقراٰنِ پاک کی بےحرمتی کے افسوسناک واقعہ پر امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کی جانب سے دنیا بھر میں 540 مساجد بنانے کے اعلان سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم کشمیر نے دعوتِ اسلامی کی دینی و فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔

کوپن ہیگن، ڈنمارک میں 12 دینی کام کورس کا انعقاد

دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام مدنی مرکز ”فیضانِ جمالِ مصطفےٰ“ کوپن ہیگن (Copenhagen) ڈنمارک میں 22 جولائی 2023 کو دو دن کا 12 دینی کام کورس منعقد ہوا جس میں سویڈن اور ڈنمارک کے عاشقانِ رسول اور ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔ اس موقع پر نگرانِ یورپ ریجن اُسید رضا عطّاری نے شُرکا کو 12 دینی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی اور دینی کام کرنے کا طریقہ کار بتاتے ہوئے نیکی کی دعوت کو عام کرنے کا ذہن دیا۔


Share

Articles

Comments


Security Code