Dars e Taraveeh - 04 Ramazan - Para 04

Book Name:Dars e Taraveeh - 04 Ramazan - Para 04

(1):یتیموں کا مال  نہ کھاؤ! کہ یہ بہت بڑا گُنَاہ ہے، آگے چل کر ارشاد ہوا: جو یتیم کا مال  ظلماً کھاتے ہیں، وہ اپنے پیٹ میں جہنّم کی آگ بھرتے ہیں، عنقریب بھڑکتی آگ میں ڈالے جائیں گے (2):اپنے گھٹیا مال کا یتیم کے عمدہ مال کے ساتھ تبادلہ نہ کرو! (3):یتیم بچے جو ناسمجھ ہوں، اُن کا مال حفاظت کے لئے اپنے پاس رکھ سکتے ہو مگر جب وہ بڑے اور سمجھدار ہو جائیں تو اُن کا مال انہیں لوٹا دو اور اِس پر گواہ بھی بنا لیا کرو...!!

وراثت کی تقسیم کا مسئلہ

سُورۂ نسآء، آیت: 7 سے 14 تک وراثت کے متعلق اَہَم ضابطے بیان ہوئے، وراثت تقسیم کیسے ہو گی؟ بیٹے، بیٹی، ماں،  باپ، بہن ، بھائی اور بیوی وغیرہ کو کتنا حصّہ ملے گا، اس کا تفصیلاً بیان ہوا۔

یہ خالصتاً فقہی مسائِل ہیں، اس لئے ایسے باریک مسائِل دَرْس میں بیان نہیں ہو سکتے، جب بھی وراثت کی تقسیم کا معاملہ پیش آئے تو دار الافتاء اہلسنت میں رابطہ کر کے شرعی تقسیم کروا لینی چاہئے۔ مال وِراثت میں خیانت مت کیجئے! یہ مکتبۃ المدینہ کا ایک رسالہ ہے، ہر مسلمان کو یہ رسالہ لازمی پڑھ لینا چاہئے۔

بیویوں سے متعلق ایک پیاری نصیحت

سُورۂ نسآء کی آیت: 19 میں بیویوں سے متعلق ایک اہم تعلیم دی گئی کہ اپنی بیویوں کے ساتھ حُسْنِ سُلُوک اختیار کرو! اگر بالفرض کسی وجہ سے مثلاً ظاہِری شکل و صُورت کے لحاظ سے یا بُرے اَخْلاق کے لحاظ سے تمہیں اپنی زوجہ بُری بھی لگتی ہو، تب بھی صبر اِخْتیار کرو! قریب ہے کہ تم کسی بات کو بُرا جانو مگر اللہ پاک اسی میں تمہارے لئے بھلائی رکھ دے۔