Book Name:Aal e Nabi Ke Fazail - 3 Muharram 1447 Bayan
اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ اَهْلَ الْبَیْتِ وَ یُطَهِّرَكُمْ تَطْهِیْرًاۚ(۳۳) (پارہ: 22،الاحزاب:33)
ترجمہ کَنْزُ العرفان: اے نبی کے گھر والو! اللہ تو یہی چاہتا ہےکہ تم سے ہر ناپاکی دور فرما دے اور تمہیں پاک کرکے خوب صاف ستھرا کر دے ۔
امام باقِر رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ سے روایت ہے، نبیوں کے نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا: میرے پاس جبریلِ امین عَلَیْہِ السَّلَام آئے اور عرض کیا: یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ! اللہ پاک کے حکم سے میں نے زمین کے مشرق و مغرب ، پہاڑ اور ریگستان چھان ڈالے، مجھے عرب سے بہتر کوئی قوم نظر نہ آئی، پِھر اللہ پاک نے حکم دیا تو میں نے عرب میں تلاش شروع کی، مجھے مُضَر سے بہتر کوئی قبیلہ نہ ملا، پِھر اللہ پاک نے حکم دیا، میں نے مُضَر میں تلاش شروع کی تو مجھے بنو کنانہ سے بہتر کوئی نظر نہ آیا، پِھر حکم ہوا، میں نے بنو کنانہ میں تلاش کیا، مجھے قریش سے بہتر کوئی نہ ملا ، پِھر حکم رَبَّانی سے میں نے قریش میں تلاش کیا تو بنوہاشِم سے بہتر کوئی نظر نہ آیا، پِھر بنو ہاشِم میں تلاش کا حکم مِلا ، میں نے تلاش کیا تو کوئی بھی آپ سے بہتر، آپ سے اَفْضَل نظر نہیں آیا۔ ([1])
پیارے اسلامی بھائیو! مَعَلُوم ہوا؛ ساداتِ کرام کے نسب میں پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے لے کر حضرت آدَم عَلَیْہِ السَّلَام تک جتنے بھی آباء و اَجْداد ہیں، سب ہی بہت فضیلت والے، بہت بلند رُتبہ ہیں۔ معلوم ہوا؛ جیسا نسب ساداتِ کرام کو نصیب ہے، ایسا نسب دُنیا میں کسی اور کا نہیں ہے۔