Book Name:Dost Kaise Banaye

دوست کی جانچ کا مِعْیار

پیارے اسلامی بھائیو ! شہد کی مکھی پھولوں ، پھلوں اور اچھی چیزوں پر ہی بیٹھتی ہے ، یہ شہد کی مکھی کی پاکیزگی ، اس کی اچھی فِطْرَت کی دلیل ہے جبکہ دُوسری مکھی گندگی ہی  پر بیٹھتی ہے ، یہ اس کی گندی طبیعت ( Dirty Nature )  کا اَثَر ہے۔ اب ہم نے غور کرنا ہے کہ ہم کس کے ساتھ بیٹھتے ہیں ، کس کے ساتھ دوستی لگاتے ہیں ، ہم جیسے دوست کا انتخاب کریں گے ، ہماری فِطْرَت ، طبیعت ایسی ہی ہو گی۔ شیخ شہابُ الدِّیْن سہروردی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : جب کسی کی طرف دِل مائِل ہو  ( یعنی دِل کرے کہ میں فُلاں سے دوستی کر لوں تو )  چاہئے کہ آدمی اسے شریعت کے ترازو میں تولے  ( دیکھے کہ کیا وہ نمازیں پڑھتا ہے ؟  فرائِض و واجبات پر عَمَل کرتا ہے ؟  سنتیں اپناتا ہے ؟  شریعت کی روشنی میں اس کے اَخْلاق ، اس کے کردار کی جانچ کرے )  اگر اس کے حالات و اَحْوال شریعت کے مُطَابق ہوں توبندہ اپنے آپ کو اچھی حالت کی خوشخبری دے اور وہ شخص جس کی دوستی کی طرف دِل مائِل ہے ، اگر وہ شریعت کے ترازُو پر پورا نہ اُترے ،  ( مثلاً نمازیں قضا کرتا ہو ، روزے نہ رکھتا ہو ، فرائِض و واجبات کی ادائیگی میں سستی کرتا ہو ، بدزبان ہو ، بُرے اخلاق والا ، بُری عادات والا ہو تو )  آدمی کو چاہئے کہ اپنے آپ کو ملامت کرے ، ڈرے کہ  اسے اپنے مسلمان بھائی کے آئینے میں اپنی بدحالی نظر آئی ہے۔ ( [1] )  

اللہ پاک ہمیں اچھے دوستوں کی نیک صحبت ( Company )  نصیب فرمائے۔

 آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔


 

 



[1]...ملاحق احیاء العلوم ، کتاب عوارف المعارف ، باب الثالث و الخمسون ، جلد : 5 ، صفحہ : 272 ملتقطًا۔