Book Name:Dost Kaise Banaye

مسلمان کوچاہئے کہ وہ نیک بندوں سے تَعلُّقات بنائے اور ان کی صحبت اختیار کرے۔ ( [1] )  

اور دیندار دوست تلاش کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے  مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروق اعظم رَضِیَ اللہ عنہ  فرماتے ہیں : سچے دوست تلاش کرو اور ان کی پناہ میں زندگی گزارو کیونکہ وہ خوشی کی حالت میں زینت اور آزمائش کے وقت سامان ہیں۔ اور کسی گناہگار کی صحبت اختیار نہ کرو ورنہ اس سے گناہ کرنا ہی سیکھو گے۔ ( [2] )  

علمائے کرام  کی صحبت میں بیٹھنا عِبَادت ہے

پیارے اسلامی بھائیو ! ہمیں چاہئے کہ عُلَمائے کرام کی صحبت میں بیٹھا کریں ، ان سے دوستی کریں ، اللہ پاک کی رِضا کے لئے عاشقانِ رسول عُلَما کے ساتھ محبّت کیا کریں۔  صحابئ رسول حضرت عبد اللہ بن عبّاس  رَضِیَ اللہ عنہما سے روایت ہے : علما کی صحبت میں بیٹھنا عبادت ہے۔ ( [3] )

 کنز العمال شریف کی حدیثِ پاک ہے ، اللہ پاک کے آخری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلَّم نے فرمایا : جو علما  کی صحبت میں بیٹھا تحقیق وہ میری صحبت میں بیٹھا اور جو میری صحبت میں بیٹھا یقیناً وہ اللہ پاک کی بارگاہ میں بیٹھا۔( [4] )

حضرتِ سفیان بن عُیَیْنَہ رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ نے فرمایا کہ حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلام  کا ارشا د ہے : ایسے لوگوں کی صحبت اختیار کرو جن کی صورت دیکھ کر تمہیں خدا یاد آئے ، جن کی گفتگو تمہارے علم میں اضافہ کرے ، جن کا عمل تمہیں آخرت کا شوق دلائے۔ ( [5] )  


 

 



[1]... تفسیر صراط الجنان ، پارہ : 11 ، سورۂ توبہ ، زیرِ آیت : 119 ، جلد : 4 ، صفحہ : 258۔

[2]...احیاء العلوم ، کتاب : آداب الالفۃ …الخ ، باب : الاول ، جلد : 2 ، صفحہ : 212 ملتقطًا۔

[3]...مسندِ فردوس ، جلد : 4 ، صفحہ : 156 ، حدیث : 6486۔

[4]...کنز العمال ، کتاب : العلم ، باب : الاول فی الترغیب فیہ ، جز : 10 ، جلد : 5 ، صفحہ : 74 ، حدیث : 28879۔

[5]...جامع بیان العلم و فضلہ ، باب جامع فی آداب العالم و المتعلم ، جلد : 1 ، صفحہ : 416 ، رقم : 815۔