Book Name:Mehfil e Milad Mustafa Ke Barakat

چار جانِب دُھوم ہے سرکار کے مِیلاد کی  جھومتا ہے ہر مسلماں عیدِمیلادُالنَّبی

عیدِمیلادُالنَّبی پر جو بھی کرتا ہے خوشی       اس پہ غُرّاتا ہے شیطاں عیدِمیلادُالنَّبی

ذِکْرِ مصطفےٰ اور قرآن کا اُسْلوب

پیارے اسلامی بھائیو !  قرآنِ کریم کا بہت پیارا اُسْلُوب ہے کہ قرآنِ کریم میں بات بات پر ذِکْرِ مصطفےٰ کیا  گیا ہے، آپ کو سُن کر خوشی ہو گی کہ ایک قول کے مطابق قرآنِ کریم کی کُل آیات 6 ہزار 2 سو 36 ہیں ( [1] )  اور ان  6 ہزار 2 سو 36 آیات میں 7 ہزار مرتبہ باقاعِدہ لفظوں میں ذِکْرِ مصطفےٰ کیا گیا ہے۔ ( [2] )   

قرآنِ مجید میں بات بات پر ذِکْرِ مصطفےٰ ہوا ہے،اس کی صِرْف ایک مثال ( Example )  پیش  کرتا ہوں :

سورۂ نَبَأَ 30وَیں سپارے کی پہلی سُورت ہے، اس سُورت میں شروع سے آخر تک قیامت کا بیان ہے، قیامت کیسے آئے گی ؟  اس کے دلائل بیان ہوئے، پھر جب قیامت آئے گی تو مجرموں کو سزا کیا ملے گی ؟  اَہْلِ تقویٰ کو انعامات کیا کیا ملیں گے ؟  اس سب کا تفصیل سے بیان ہے، اس سُورتِ مبارکہ کے دوسرے رُکوع میں اللہ پاک نے اَہْلِ جنّت کی نعمتیں بیان کرنے کے بعد فرمایا :

جَزَآءً مِّنْ رَّبِّكَ عَطَآءً حِسَابًاۙ(۳۶)   ( پارہ : 30 ،سورۂ نبا : 36 )

ترجَمہ کنز الایمان : صلہ تمہارے رب کی طرف سے ، نہایت کافی عطا۔


 

 



[1]... بصائر  ذوی التمییز ،باب الاول،بصیر ۃ فی مجملات السورۃ،جلد : 1 ،صفحہ : 559۔

[2]... بصائر  ذوی التمییز ،باب الثلاثون،بصیر ۃ فی ذکر نبینا ،جلد : 6 ،صفحہ : 17۔