Book Name:Mehfil e Milad Mustafa Ke Barakat

جشنِ ولادت منانے کا ثواب

شیخ عبد الحق مُحَدِّث دہلوی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : سرکارِ مدینہ، راحتِ قلب و سینہ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی وِلادت کی رات خوشی منانے والوں کی جزا یہ ہے کہ اللہ پاک انہیں اپنے فضل و کرم سے جَنّاتُ النَّعِیْم میں داخِل فرمائے گا * مسلمان ہمیشہ سے محفلِ میلاد  سجاتے، وِلادت کی خوشی میں دعوتیں دیتے، کھانے پکواتے اور خوب صدقہ و خیرات کرتے آئے ہیں * وِلادتِ مصطفےٰ کے موقع پر خوب خوشی کا اِظْہار  کیا جاتا ہے * راہِ خُدا میں دِل کھول کر خرچ کیا جاتا ہے * آپ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی وِلادتِ باسعادت کے ذِکْر کا اہتمام کیا جاتا ہے * مکانوں کو سجایا جاتا ہے * ان تمام اچھے کاموں کی برکت سے مسلمانوں پر اللہ پاک کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے۔ ( [1] )

اللہ پاک فخر فرماتا ہے

اسلام کے پہلے بادشاہ، امیرِ سلطنتِ مصطفےٰ، عظیم صحابئ رسول حضرت امیرِ معاویہ  رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : ایک مرتبہ صحابۂ کرام  علیہم الرِّضْوَان  حلقہ بنائے بیٹھے تھے کہ سرکارِ عالی وقار، مکی مدنی تاجدار صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم تشریف لے آئے، آپ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے پوچھا : مَا اَجْلَسَکُمْ ؟   یعنی اے میرے صحابہ !  تم یہاں حلقہ بنائے کیوں بیٹھے ہو ؟  عَرْض کیا : جَلَسْنَا نَدْعُوْ اللہ وَ نَحْمَدُہٗ عَلٰی مَا ہَدَانَا لِدِیْنِہٖ وَ مَنَّ عَلَیْنَا بِکَ یعنی یَارسولَ اللہ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم !  اللہ پاک نے آپ کو بھیج کر ہم پر جو اِحْسَان فرمایا ہے، ہمیں دِینِ اسلام کی ہدایت نصیب فرمائی ہے، ہم اس نعمت پر اللہ پاک کا شُکْر ادا کر رہے ہیں اور دُعائیں کر رہے ہیں۔


 

 



[1]...ما ثبت من السنۃ، صفحہ : 102  ملتقطاً۔