Book Name:Jannat ke Qeemat

ہمیں جیتے جی جنت میں لے جانے والے اعمال کرنے ہوں گے۔ایک عمل تو آپ نے سنا کہ صُلْحُ کروانا جنت میں لے جانے والا عمل ہے۔ آئیے! جنت میں لے جانے والے چندمزید اعمال کے بارے میں سنتے ہیں۔یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ جنت میں جانے کیلئے ایمان لانے کے ساتھ ساتھ اچھے اعمال کا ہونابھی بہت ضروری ہے۔ قرآنِ کریم میں تقریباً 56سے زائد مقامات پر نیک اور اچھے اعمال کاذِکرکیاگیا ہے۔ چند اچھے اعمال ملاحظہ کیجئے: ٭نماز پڑھنا،٭ روزہ رکھنا، ٭زکوۃ دینا، ٭حج کرنا، ٭نوافل کی کثر ت کرنا، ٭سچ بولنا، ٭مسلمانوں کو کھانا کھلانا، ٭حُسْنِ سلوک سے پیش آنا٭علمِ دین سیکھنا، ٭علم دین سکھانا، ٭نیکی کا حکم دینا، ٭بُرائی سے منع کرنا، ٭ایک دوسرے کے حقوق کو پوراکرنا وغیرہ۔  

تعزیت کرنا

تعزیت یعنی مصىبت زدہ آدمى کو صبر کى تلقىن کرنا ایک بہت ہی پیارا اور جنت میں لے جانے والا عمل ہے،چنانچہ

حضرتِ جابررَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ سے روایت ہے کہ رسولِ کریمصَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:جو کسی غم زدہ شخص سے تعزیت (یعنی اس کی غم خواری)کر ے گا اللہ پاک اسے تقوے کا لباس پہنائے گا اور روحوں کے درمیان اس کی روح پر رحمت فرمائے گا اور جو کسی مصیبت زدہ سے تعزیت کرے گا اللہ پاک اسے جنت کے جوڑوں میں سے دو ایسے جوڑےپہنائے گا جن کی قیمت دنیا بھی نہیں ہوسکتی۔([1])


 

 



[1] معجمِ اوسط،۶/۴۲۹ ،حدیث:۹۲۹۲