Book Name:Ita'at-e-Mustafa

مُسلمانوں نےدِین سے دُوری کےباعث اللہ پاک  اوراس کے رسُول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اِطاعت وفرمانبرداری  کو چھوڑدیاہے،شاید اسی وجہ سے مُعاشرے میں گُناہ عام ہوتے جارہے ہیں۔ جس طرف نظر اُٹھائیے بے عملی ،بے راہ روی اور سُنَّتوں  کی خِلاف  وَرزی کے دل سَوز نَظارے ہیں۔نمازیں چھوڑنا،گالیاں دینا،تہمتیں  لگانا،بدگمانیاں  کرنا،غیبتیں کرنا،لوگوں کے عیب جاننے کی کوشش میں رہنا،معلوم ہونے پران کے عیبوں کواُچھالنا،بات بات پہ جھوٹ بولنا،جھوٹے وعدے کرنا، کسی کا مال ناحق کھانا،فلموں ڈراموں،گانے باجوں کے نشے میں گُم رہنا،سرِعام سُود ورِشوت کا لَیْن دَیْن کرنا، ماں باپ کی نافرمانی کرنا، غُرُوروتکبر،حَسَدورِیا کاری اوربُغض وکِیْنہ جیسے بے شُمارگُناہ عام ہیں۔یاد رکھئے!ایک دن مَوْت ہمارا زندگی کا رشتہ کاٹ کرہمارے  آراستہ وپیراستہ کمروں کے نَرْم وآرام دِہ گدیلوں سے اُٹھا کرقبر کی  مَٹّی پرسُلادےگی،پھر پچھتانے سے کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔لہٰذا وقت کو غنیمت جانتے ہوئے گُناہوں سے سچی تَوْبہ کیجئےاور نیکیوں میں وَقْت گُزارئیے ۔آئیے! اِطاعتِ مُصطفٰے کا جَذبہ پیدا کرنےکے لئے8 فرامینِ مُصْطَفٰےصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سُنتے ہیں:

فضائل پرمُشتمل 8فرامینِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ:

(1)اللہ  پاک کے نزدیک سب سےزِیادہ  پسندیدہ کام،نماز کو اس کے وَقْت پر اَداکرنااور والِدَین سے نیکی کرنا ہے۔ (الجامع الصغیر:۱/۱۸،حدیث:۱۹۶)

(2)اللہ  پاک کے نزدیک فرائض کے بعد سب سےزِیادہ  پسندیدہ کام کسی اسلامی بھائی کے دل میں خُوشی داخل کرنا ہے۔ (الجامع الصغیر:۱/۱۹،حدیث:۲۰۰)

(3)اللہ  پاک کے نزدیک سب سے پسندیدہ گھر وہ ہے، جس میں یتیم کو عزّت دی جاتی ہو۔ (الجامع الصغیر:۱/۲۰،حدیث:۲۱۹)