Book Name:Islam Mukammal Zabita-e-Hayat Hai

ارشاد فرمایا :اللہ پاک سے ڈرتے رہو،  اس کے ساتھ اچّھاسُلُوک کیا کرو اور اس سےتعلّق توڑنے سے باز رہو۔  (شعب الایمان،  باب فی برالوالدین،   فصل فی صلۃ الرحم،   ۶/۲۱۰،   رقم: ۷۹۲۸)

بڑے بھائی بہن کا میں کہا مانا کروں ہردم                             کروں ماں باپ کی دن رات خدمت  یا رسولَ اللہ

(وسائل ِ بخشش مرمم،  ص۳۳۱)

چھوٹوں پر شفقت

یادرکھئے ! اسلام  نےجہاں چھوٹوں  کو بڑے بھائی کا ادب کرنے کا درس دیا ہے ،   وہیں بڑوں کو بھی حکم دیا کہ وہ بھی  چھوٹے بہن بھائیوں کے ساتھ شَفْقَت ومَحَبَّت  کا برتاؤ کریں۔ آئیے!بطوِ ترغیب 2 فرامینِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَسنئے،  چنانچہ

(1)ارشاد فرمایا:جس کی 3 بیٹیا ں یا3 بہنیں ہوں،  یا 2 بیٹیاں یا 2 بہنیں ہوں اور وہ ان کے ساتھ اچھا سُلُوک کرے اور ان کے معاملے میں اللہ پاک سے ڈرے تو اس کے لئے جنت ہے۔ (ترمذی،   کتاب البر والصلۃ،   باب ما جاء فی النفقۃ علی …الخ،   ۳/۳۶۷،  حدیث: ۱۹۲۳)

(2)ارشاد فرمایا:جو ہمارے چھوٹوں پر رحم نہ کرے،  ہمارے بڑوں کی عزّت نہ کرے اور ہماراحق نہ پہچانے،   وہ ہم سے نہیں۔ (معجم کبیر،  سعید بن جبیر عن ابن عباس،  ۱۱/ ۳۵۵،   حدیث:۱۲۲۷۶)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                         صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

رشتے داروں کے حوالے سے اسلامی ضابطۂ حیات

میٹھی میٹھی اسلامی بہنو!جس طرح گھریلو رشتوں کے حوالے سے دینِ اسلام ہماری تربیت  و رہنمائی فرماتا اور ایک دوسرے کے حقوق کی رعایت کرنے کا درس دیتا ہے اسی طرح رشتے داروں  کے حوالے سے بھی اس مذہب میں ہمارے لئے رہنما اُصول و قوانین موجود ہیں۔