Book Name:Ebadat Me Lazzat Kaise Hasil Ho ?

حضرتِ سیِّدُناابوسُلیمان دَارانیرَحْمَۃُ اللّٰہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتےہیں، میں عبادت میں سب سےزیادہ مِٹھاس اُس وقت محسوس کرتاہوں جب بُھوک کی وجہ سے میرا پیٹ خالی ہوتاہے۔(منھاج العابدین،الفصل الخامس ،البطن وحفظہ، ص۸۴)

بُھوک کی اور پیاس کی مولیٰ مجھے سوغات دے

یا اِلٰہی !  حَشْر  میں  دِیدار  کی خیرات  دے

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                            صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمّد

(4)موبائل وانٹرنيٹ کا درست استعمال  کیجئے!

          میٹھےمیٹھےاسلامی بھائیو!عبادت میں رُکاوٹ  اور دِل نہ لگنے کا ایک سبب اِنٹر نیٹ اور موبائل فون بھی ہے،انٹرنیٹ اور موبائل فون کادُرست اِستعمال جہاں بے شُمار فَوائدکےحُصول کا ذریعہ ہے وہیں اس کے غلط اورغیر ضروری اِستعمال(Missuse) سے کئی نُقصانات کا سامنابھی کرناپڑ تا  ہے،جن میں سےایک بہت بڑانقصان  یہ ہے کہ  بندہ نماز روزے ،قرآنِ کریم کی تلاوت  اور نفل عبادت سے غافل ہوکر اپنا وقت  بَرباد کرتا ہے ۔فی زمانہ ہماری نوجوان نَسل سوشل میڈیا(Social Media) کی ایسی  عادی بن چکی ہے کہ  لمحہ بھر کیلئےبھی اِنٹرنیٹ اورموبائل فون کونہیں چھوڑتی اوروقفےوقفےسےاپنےسونےجاگنے،شاپنگ کرنےاچھاکھانےپینے،کسی تقریب مثلاً شادی بیاہ میں شرکت کرنے،پکنک پوائنٹ (Picnic Point) پرجانے،عجیب و غریب حرکتیں کرنے،سیلفیاں بنانے اور دیگرمُعاملات  کو سوشل میڈیا پر اپنےدوستوں  میں شیئرکرکے وقت اور پیسہ برباد کرنے میں مصروف ہے ۔بعض توموبائل اور اِنٹرنیٹ کے ایسے دِیوانےہیں کہ اگرکسی دِن اِستعمال نہ کرپائیں  تو ان کا پورا  دن بےچینی اوراُداسی  میں بسر ہوتا ہے۔

               غور  کیجئے کہ کبھی نمازچھوڑنے  پر بھی ہم بے چین ہوئے ؟کسی دن قرآنِ کریم  کی تلاوت نہ کرنے پربھی ہمیں افسوس ہوا؟ کبھی اِشراق وچاشت  اورتہجد کے نوافل نہ پڑھنے پر بھی ہم غمگین ہوئے؟