حمد و نعت

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اکتوبر 2021

نعت

نصیب چمکے ہیں فرشیوں[1] کے کہ عرش کے چاند آ رہے ہیں

جھلک سے جن کی فَلَک [2]ہے روشن وہ شَمْس[3] تشریف لا رہے ہیں

ہیں وَجْد[4] میں آج ڈالیاں کیوں یہ رقص پتوں کو کیوں ہے شاید

بہار آئی یہ مُژْدَہ[5] لائی کہ حق [6]کے محبوب آ رہے ہیں

نثار تیری چَہَل پَہَل پر ہزار عیدیں ربیعُ الاول

سوائے ابلیس کے جہاں میں سبھی تو خوشیاں مَنا رہے ہیں

شبِ ولادت میں سب مسلماں نہ کیوں کریں جان و مال قرباں

اَبُو لَہَب جیسے سخت کافر خوشی میں جب فیض پا رہے ہیں

زمانہ بھر میں یہ قاعدہ ہے کہ جس کا کھانا اُسی کا گانا

تو نعمتیں جن کی کھا رہے ہیں انہیں کے ہم گیت گا رہے ہیں

حبیبِ حق ہیں خدا کی نعمت بِنِعْمَةِ رَبِّكَ فَحَدِّثْ[7]

خدا کے فرمان پر عمل ہے جو بزمِ مولیٰ سجا رہے ہیں

پھنسا ہے بَحْرِ اَلَم[8] میں بیڑا ، [9]پئے خدا ناخدا[10]سہارا

اکیلا سالکؔ ہیں سب مخالف ، ہُمُوم ِ دنیا [11]ستا رہے ہیں

از : حکیمُ الاُمّت حضرت مفتی احمد یار خان  رحمۃُ اللہِ علیہ

ديوانِ سالك ، ص37



[1] زمین پر رہنے والوں

[2] آسمان

[3] سورج

[4] بہت زیادہ خوشی

[5] خوش خبری

[6] اللہ پاک

[7] اللہ پاک کے اس فرمان کی طرف اشارہ : (وَ اَمَّا بِنِعْمَةِ رَبِّكَ فَحَدِّثْ۠(۱۱))ترجَمۂ کنزُالایمان : اور اپنے رب کی نعمت کا خوب چرچا کرو  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

[8] غم کا دریا

[9] سفینہ ، کشتی

[10] بحری جہاز کا کپتان(Sailor)

[11] دنیا کے غم


Share

Articles

Comments


Security Code