ALLAH Ki Muhabbat Kaese Hasil Ho?

Book Name:ALLAH Ki Muhabbat Kaese Hasil Ho?

مکتبۃ المدینہ کی   کتاب"اللہ والوں کی باتیں"میں ایک ایسی حدیثِ پاک لکھی ہے،جسے سُن کر گناہگاروں کی ڈھارس بندھے گی اورنیکو کار ڈَر جائیں گے۔اِنْ شَآءَ اللہ ۔ اس حدیثِ پاک کو سُن کر آپ کو معلوم ہو گا کہ جو اللہ  پاک سے محبت کرتا ہے، اُس کی رات کیسے گزرتی ہے؟چنانچہ

اللہ پاک کے آخری نبی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمان جنت نشان ہے: اللہ    پاک نے حضرت داؤد  عَلَیْہِ السَّلام کی طرف وحی بھیجی کہ اے داؤد( عَلَیْہِ السَّلام)! گنہگاروں کو خُوشخبری دے دو اور صِدّیقین کو ڈرسُناؤ۔ تو حضرت داؤد  عَلَیْہِ السَّلام کو اس بات پر بڑاتَعَجُّب ہوا،  تو اُنہوں نے عرض کی:یا رَبّ  میں گنہگاروں کوکیا خُوشخبری دُوں اورصِدّیقین کو کیا ڈر سُناؤں؟ اللہ پاک نےفرمایا:اے داؤد( عَلَیْہِ السَّلام)! گنہگاروں کو یہ خُوشخبری سُنا دو کہ کوئی گُناہ میری بخشش سے بڑا نہیں اور صِدّیقین کو اس بات کا ڈرسُناؤ کہ وہ اپنے نیک اعمال پر خُوش نہ ہو ں کہ میں نے جس سے بھی اپنی نعمتوں کا حساب لیاوہ تباہ وبرباد ہوجائے گا، اے داؤد( عَلَیْہِ السَّلام) ! اگرتُو مجھ سے مَحَبَّت کرنا چاہتاہے تو دُنیا کی مَحَبَّت کو اپنے دل سے نکال دے، کیونکہ میری اور دُنیا کی مَحَبَّت ایک دل میں جمع نہیں ہوسکتی ، اے داؤد! ( عَلَیْہِ السَّلام) جو مجھ سے مَحَبَّت کرتاہے وہ رات کو میرے حُضُور تہجدادا کرتاہے، جبکہ لوگ سو رہے ہوتے ہیں، وہ تنہائی میں مجھے یاد کرتاہے، جب غافل لوگ میرے ذِکْر سے غَفْلت میں پڑے ہوتے ہیں،وہ میری نعمت پر شکراَداکرتا ہے، جبکہ بُھولنے والے مجھ سے غَفْلت اختیار کرتے ہیں۔ (حلیۃالاولیاء ،عبدالعزیزبن ابی رواد،رقم ۱۱۹۰۶، ۸/ ۲۱۱ ۔الیٰ قولہ الاھلک،بحر الدموع ص۲۱ )