Book Name:Sara Quran Huzoor Ki Nemat Hai
اِصْلاحِ مُعَاشرہ دِین کا بنیادی مقصد ہے
پیارے اسلامی بھائیو! الحمدُ للہ! 2 ستمبر یومِ دعوتِ اسلامی ہے تو آئیے اس پیاری پیاری تحریک دعوتِ اسلامی کے بارے میں سنتے ہیں:
پیارے اسلامی بھائیو!اِصْلاحِ مُعَاشَرہ دِین کے اہم اور بنیادی مقاصِد میں سے اَہَم ترین مقصد ہے۔ پارہ:13، سورۂ ابراہیم، آیت: 1 میں اللہ پاک فرماتا ہے:
الٓرٰ- كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰهُ اِلَیْكَ لِتُخْرِ جَ النَّاسَ مِنَ الظُّلُمٰتِ اِلَى النُّوْرِ (پارہ:13 ،سورۂ ابراہیم:1)
ترجَمہ کنز الایمان:ایک کتاب ہے کہ ہم نے تمہاری طرف اتاری کہ تم لوگوں کو اندھیریوں سے اجالے میں لاؤ۔
معلوم ہوا؛ قرآنِ کریم کے نُزول کا ایک اہم مقصد یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے مُعَاشرے (Society)کے افراد کو اندھیرے سے نکال کر نُور اور روشنی میں لایا جائے۔ جو کُفْر کے اندھیروں میں بھٹک رہے ہیں، انہیں نُورِ ایمان کی طرف لایا جائے٭جو گُنَاہوں کے اندھیرے میں ہیں، انہیں نیکی کے نُور کی طرف لایا جائے٭ جو جہالت کے اندھیروں میں ہیں، انہیں عِلْمِ دین کے نُور سے آراستہ کیا جائے٭جو بداَخْلاقی اور بُرے کردار کے اندھیرے میں ہیں، انہیں اعلیٰ اَخْلاق و کردار کے نُور کی طرف لایا جائے٭جو نفسانی خواہشات کے پیروکار ہیں، انہیں اطاعت و عبادت کے نُور کی طرف لایا جائے٭ جو محبّتِ دُنیا اور حِرْصِ مال کے اندھیرے میں ہیں، انہیں فِکْرِ آخرت کے نُور سے آراستہ کیا جائے، غرض؛ مُعَاشرے کا ہر وہ فرد جو کسی طرح کے اندھیرے میں ہے، اسے اندھیرے سے نکال کر نُور اور روشنی فراہم کرنا یہ نُزولِ قرآن کا اَہَم اور بنیادی مَقْصَد ہے۔ ([1])