Book Name:Behtar Kon
( 6 ) : بہتر وہ ہیں جن کو دیر سے غصہ آئے اور جلد چلا جائے
رسولِ بے مثال ، بی بی آمِنہ کے لال صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے : اَلَا وَ اِنَّ مِنْہُمْ اَلْبَطِیئَ الْغَضَبِ سَرِیْعَ الْفَیْئِ ، وَ مِنْہُمْ سَرِیْعَ الْغَضَبِ سَرِیْعَ الْفَیْئِ ، فَتِلْکَ بِتِلْکَ ، اَلَا وَ اِنَّ مِنْہُمْ سَرِیْعَ الْغَضَبِ بَطِیْئَ الْفَیْئِ اَلَا وَ خَیْرُہُمْ بَطِیْئُ الْغَضَبِ سَرِیْعُ الْفَیْئِ اَلَا وَ شَرُّہُمْ سَرِیْعُ الْغَضَبِ بَطِیْئُ الْفَیْئِ یعنی آگاہ رہو کہ ( لوگوں میں ) بعض وہ ہیں جن کو دیر سے غصہ آتا ہے جلدی ختم ہو جاتا ہے اور بعض کو جلدی غصہ آتا ہے جلدی ختم ہو جاتا ہے تو یہ اس کا بدلہ ہے ، سن لو ! ان میں سے بعض کو جلدی غصہ آتا ہے دیر سے اُترتاہے ، سن لو ! ان میں سے بہتر وہ ہے جن کو دیر سے غصہ آئے اور جلدی ختم ہو جائے اور بُرے وہ ہیں جن کو جلدی غصہ آئے دیر سے زائل ہو ۔ ( [1] )
پیارے اسلامی بھائیو ! یہ انسانوں کی 3قسمیں ہیں : ( 1 ) : وہ آدمی جسے غصّہ دیر سے آتا ہے ، جلدی اُتر جاتا ہے ( 2 ) : وہ کہ جسے غُصّہ آتا بھی جلدی ہے ، اُتر بھی جلدی جاتا ہے ( 3 ) : وہ آدمی جسے غُصّہ آتا جلدی ہے مگر اُترتا دیر سے ہے۔ ان تینوں میں سے بہتر کون ہے؟وہ بندہ جسے غُصّہ آتا دَیْر سے ہے اور اُتر جلدی جاتا ہے۔ اور سب سے بُرا آدمی کون ہے؟جسے غُصّہ آتا جلدی ہے مگر جلدی اُترتا نہیں ہے۔ اب ہم غور کر لیں ! ہم کس قسم سے تعلق رکھتے ہیں؟ہمیں غُصّہ جلدی آتا ہے یا دَیر سے ، اور جب غُصّہ آجائے تو جلدی جلدی اُتر جاتا ہے یا کافِی دَیْر کے بعد ، کافِی نقصانات کرنے کے بعد اُترتا ہے؟اگر خُدانخواستہ ہمیں غُصّہ جلدی آتا اور دَیْر سے ، نقصان کرنے کے بعد اُترتا ہے تو اس عادَت کو جلد از جلد مٹانا بہت ضروری ہے ، ورنہ بہت نقصان ہو سکتا ہے۔