Book Name:Aaqa Ki Dunyia Say Be Raghbati

بھوک کے سبب بیٹھ کر نماز پڑھی

مشہور صحابئ رسول حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : ایک روز میں بارگاہِ رسالت میں حاضِر ہوا ، دیکھا : آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم بیٹھ کر  ( نفل )  نماز ادا فرما رہے ہیں۔ مَیں نے عرض کیا : یارسولَ اللہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! کیا کوئی تکلیف پہنچی ہے ؟  فرمایا :  ( نہیں ، بلکہ )  بھوک کے سبب بیٹھ کر نماز پڑھتا ہوں۔ حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : دوجہاں کے مالِک ومختار ، رسولِ بےمثال صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی یہ بات سُن کر میرا دِل بھر آیا ،  میری آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ دُکھی دِلوں کے چَیْن ، نانائے حسنین صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : ابو ہریرہ ! مَت رو... ! ! بےشک جو دُنیا میں ثواب کی اُمِّید پر بھوک برداشت کرے ، وہ قیامت کی شدید بھوک سے محفوظ رہے گا۔( [1] )  

رات کا کھانا صبح کے لئے نہ رکھتے !

اِبْنِ  عساکر کی روایت ہے ؛ مالِکِ جنّت ، قاسِمِ نعمت صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم صبح کا کھانا رات کے لئے اور رات کا کھانا صبح کے لئے بچا کر نہ رکھتے تھے ، آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے پاس کبھی 2 چیزیں جمع نہ ہوئیں  ( یعنی ضروری استعمال کی ہر چیز ایک وقت میں ایک ہی ہوتی تھی مثلاً )  2 قمیصیں ، 2 چادریں ،  نعلین شریف کے 2 جوڑے کبھی نہ ہوئے  (بلکہ ایک وقت میں ایک ایک جوڑا ہی ہوتا تھا ) ۔   سیدہ عائشہ صِدِّیقہ  رَضِیَ اللہ عنہا   مزید فرماتی ہیں : آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کو گھر میں کبھی فارِغ نہیں دیکھا گیا ، جیسے ہی کچھ وقت ملتا آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم جوتا سلائی کر دیتے تاکہ کوئی مسکین پہن لے یا کپڑوں کو پیوند لگا دیتے تاکہ کسی غریب کے کام آجائیں۔ ( [2] )  


 

 



[1]...شُعب الایمان ، باب فی الزہد ، جلد : 7 ، صفحہ : 314 ، حدیث : 10425۔

[2]...تاریخ دمشق  ابن عساکر ، جلد : 4 ، صفحہ : 101۔