Book Name:Usman e Ghani Aur Muhabbat e Ilahi
نُور کی سرکار سے پایا دوشالہ نُور کا ہو مُبَارک تُم کو ذُو النُّوْرَیْن جوڑا نُور کا([1])
* حدیثِ پاک میں ہے : اللہ پاک نے مجھے وَحْی فرمائی کہ میں اپنی دو بیٹیوں کا نِکاح عثمان سے کروں۔ ([2]) * ایک حدیثِ پاک میں فرمایا : اگر میری 100 بیٹیاں ہوتیں ، ان میں سے ایک کی وفات ہوتی تو میں دوسری عثمان کے نِکاح میں دیتا ، اس کا انتقال ہوتا تو میں تیسری عثمان کے نِکاح میں دیتا ، یہاں تک کہ میں اپنی 100 کی 100 شہزادیاں ایک ایک کر کے عثمان کے نِکاح میں دے دیتا۔ ([3]) * مولائے کائنات ، مولیٰ علی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ سے حضرت عثمان غنی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کے متعلق سُوال ہوا تو فرمایا : عثمان وہ ہیں کہ انہیں فرشتے ” ذُوالنُّوْرَیْن “ کہتے ہیں ، رسول اللہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے داماد ہیں ، پیارے آقا ، مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے انہیں جنَّت کی بشارت دی۔ ([4]) * ایک حدیثِ پاک میں ہے : عثمان کتنا اچھا انسان ہے ! میرا داماد ہے ، میری دو بیٹیوں کا شوہر ہے ، اللہ پاک نے اس میں میرا نُور جمع فرما دیا۔ ([5])
نبی کے نور دو لے کر وہ ذُو النُّوْرَیْن کہلائے انہیں حاصِل ہوئی یوں قربتِ محبوبِ رحمانی([6])
* اسلام کے دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی شہادت کے بعد مسلمانوں کی کَثْرتِ رائے سے حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ خلیفہ مقرر ہوئے ، 12 سال تک آپ خلیفہ رہے ، 18 ذو الحجہ 35 سن ہجری کو 40 دِن بھوکے پیاسے رِہ کر نہایت مظلومیت کے ساتھ شہید کئے گئے۔ ([7])
[1]...حدائِقِ بخشش ، صفحہ : 246۔
[2]...معجم الاوسط ، جلد : 2 ، صفحہ : 346 ، حدیث : 3501۔
[3]...کنزُ العُمال ، کتاب : الفضائل ، جلد : 7 ، جُز : 13 ، صفحہ : 21 ، حدیث : 36201۔
[4]...ریاض النضرۃ،مناقب : عثمان بن عفان ، اسمہ و کنیت ، جز : 3 ، صفحہ : 6۔
[5]...روض الفائق ، مجلس : ثالث والخمسون ، مناقب الخفاء ، صفحہ : 313۔
[6]...وسائل بخشش ، صفحہ : 584۔
[7]...نزہۃ القاری ، جلد : 1 ، صفحہ : 544۔ کرامات ِ عثمان غنی ، صفحہ : 3۔