Book Name:Usman e Ghani Aur Muhabbat e Ilahi
کاش ! حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کے صدقے محبتِ اِلٰہی نصیب ہو جائے ، ہم بھی اللہ پاک کو راضِی کرنے اور اس کی ناراضی سے بچنے کے لئے فِکْر مند رہنے والے بن جائیں۔
مُعَاف فضل و کرم سے ہو ہر خطا یارَبّ ہو مَغْفِرت پئے سلطانِ انبیاء یارَبّ
نبی کا صدقہ سدا کے لئے تُو راضی ہو کبھی بھی ہونا نہ ناراض یاخُدا یارَبّ
قرآنِ پاک کی محبت ، عبادت میں لذت
پیارے اسلامی بھائیو ! پارہ : 23 ، سورۂ زُمَر ، آیت : 9 میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے :
اَمَّنْ هُوَ قَانِتٌ اٰنَآءَ الَّیْلِ سَاجِدًا وَّ قَآىٕمًا یَّحْذَرُ الْاٰخِرَةَ وَ یَرْجُوْا رَحْمَةَ رَبِّهٖؕ (پارہ23،سورۃالزمر : 9)
ترجمہ کنزُ العِرفان : کیا وہ شخص جو سجدے اور قیام کی حالت میں رات کے اوقات فرمانبرداری میں گزارتا ہے ، آخرت سے ڈرتا ہے اور اپنے رب کی رحمت کی امید لگا رکھتا ہے۔
ایک قول کے مُطَابق یہ آیتِ کریمہ اسلام کے تیسرے خلیفہ ، اَمِیْرُ الْمُؤْمِنِیْن حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی شان میں نازِل ہوئی۔ ([1])اور اس آیت میں آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی 3 صِفَات بیان ہوئی ہیں : (1) : حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ رات کو بہت سجدے کرنے والے نمازیں پڑھنے والے ہیں(2) : حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ آخرت سے بہت ڈرنے والے ہیں (3) : حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ اللہ پاک کی رحمت سے بہت اُمِّیْد رکھنے والے ہیں۔
حضرت عثمانِ غنی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی زوجہ محترمہ فرماتی ہیں : آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ ساری رات عبادت کیا کرتے اور ایک رکعت میں پُورے قرآن کی تلاوت کرتے تھے۔ ([2])