Book Name:Ghous-e-Pak Ki Naseehatain

اے عاشقانِ رسول! یہ تھی سیرتِ غوثِ پاک کے دوسرے مرحلے کی ابتداء۔ والدہ محترمہ سے اجازت ملنے کے بعد حضور غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِبغداد تشریف لے گئے اور 33 سال تک عِلْمِ دین سیکھتے رہے ، مجاہدات کرتے رہے ، جنگلوں میں جا کر ، تنہائی میں رِہ کر اللہ پاک کی عِبَادت کرتے رہے۔ جب آپ کی عمر مبارک 51 سال ہوئی تو آپ رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ کو پھر ایک حکم ملا اور آپ کی زِندگی مبارک کے تیسرے مرحلے کی ابتداء ہوئی؛

سرکارِ عالی وقار صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کی نوازشات و عنایات

حضور غوثِ پاک ، شیخ عبد القادِر جیلانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ فرماتے ہیں : ایک روز مجھے ظہر کی نماز سے پہلے حالتِ بیداری میں سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کی زیارت نصیب ہوئی ، آپ صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : اے میرے بیٹے! تم وعظ و نصیحت (یعنی دَرْس وبیان) کیوں نہیں کرتے؟ میں نے عر ض کیا : حضور(صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم)! میں ایک عجمی شخص ہوں ، بغداد کے عربی زبان کے ماہِر لوگوں کے سامنے کیسے بیان کروں؟ سرکارِ ذی وقار صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : منہ کھولو! میں نے منہ کھول دیا ، آپ صَلّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم نے 7 مرتبہ میرے منہ میں اپنا لعابِ مبارک (یعنی تھوک شریف) ڈالا اور فرمایا : جاؤ! اب وعظ کیا کرو اور لوگوں کی نیکی کی دعوت دو۔

حضور غوثِ پاک ، شیخ عبد القادِر جیلانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ فرماتے ہیں : پھر نمازِ ظہر کے بعد مجھے اسلام کے چوتھے خلیفہ امیر المؤمنین حضرت علی المرتضیٰ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ کی زیارت نصیب ہوئی ، آپ نے میرے منہ میں 6 مرتبہ لعاب مبارک ڈال کر فرمایا : وعظ ونصیحت کرو۔ ([1])


 

 



[1]...بهجة الاسرار ، صفحہ : 58۔