Book Name:Aqal Mand Mubaligh

شیخِ طریقت امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی کمال حکمتِ عملی کا ایک اَوْر پہلو بھی ہے ، وہ یہ کہ کام کر لینا ، کام ہو جانا ، یہ بہت بڑی بات ہے مگراس سے زیادہ اَہَم اور ضروری ہوتا ہے : کام کو دَوَام ملنا ، یعنی کام میں ہمیشگی آئے ، کام چلتا رہے۔ اس کے لئے شیخِ طریقت ، امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مجالِسْ کا نِظَام بنایا ، پھر تمام مَجَالِسْ پر مَرْکَزِی مَجْلِسِ شُوریٰ بنائی اور دعوتِ اسلامی کا تمام نِظَام مرکَزِی مَجْلِسِ شُوریٰ کے سپُرد فرما دیا ، اب دعوتِ اسلامی کے تمام دِینی کام مَجْلِسِ شُوریٰ کے تحت چلتے ہیں۔ دعوتِ اسلامی کے دِینی کاموں کے لئے یُوں مَجَالِس کا نظام بنانے میں بہت ساری حکمتیں اور فائدے ہیں ، اُن میں ایک حکمت یہ بھی ہے کہ اَفْراد دُنیا سے چلے بھی جائیں ، تب بھی دعوتِ اسلامی کادِینی کام اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! چلتا رہے گا ، نیکی کی دعوت عام ہوتی رہے گی اور دِین کا پیغام دُنیا بھر میں پہنچتا رہے گا۔ اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم!۔  

اللہ پاک ہمیں بھی نیکی کی دعوت عام کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، کاش! امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا صدقہ نصیب ہو اور ہم عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حِصَّہ لینے والے بَن جائیں۔  

دَعوتِ اسلامی کی قَیُّوم ،  سارے جہاں میں مچ جائے دُھوم            اس پہ فِدا ہو بچہ بچہ ، یااللہ مری جھولی بھر دے

غوثِ پاک رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کا مبارک فرمان

آئیے! پیرانِ پیر ، پیر دستگیر ، حُضُور غوثِ اعظم شیخ عبد القادِرجیلانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کا ایک مبارک فرمان مختصر وضاحت کے ساتھ سنتے ہیں۔ حُضُور غوثِ اعظم رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں : لوگوں کی چار قسمیں ہیں :