Book Name:Aqal Mand Mubaligh
جس نے ہر سُو ہے سُنَّت کا چرچا کیا ایسے حامئ سُنَّت کی کیا بات ہے
جس نے روشن کیا سنتوں کا دِیا اس امیر اہلسنت کی کیا بات ہے
جس نے بدلے ہیں لاکھوں کروڑوں کے دِل ان کی نظرِ ولایت کی کیا بات ہے
دیکھ کر اُن کو سب ہیں یہی بولتے اس ولی کی زیارت کی کیا بات ہے([1])
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
امیر ِاہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی چند اعلیٰ صِفَات
پیارے اسلامی بھائیو! امیر ِاہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو اللہ پاک نے بہت ساری خوبیوں سے نوازا ہے ، آپ کو تقویٰ میں دیکھئے ، بے مثال ہیں ، خوفِ خُدا میں دیکھئے ، بےمثال ہیں ، عشقِ مصطفےٰ میں دیکھئے ، بے مثال ہیں ، صبر و استقامت میں دیکھئے ، بےمثال ہیں ، عِبَادت و ریاضت میں دیکھئے ، بےمثال ہیں ، عِلْم میں دیکھئے ، بےمثال ہیں ، عَمَل میں دیکھئے ، بےمثال ہیں ، غرض؛ بہت ساری خوبیاں ہیں جو اللہ پاک نے امیرِ اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کو عطا فرمائی ہیں مگر نیکی کی دعوت کا دینی کام دُنیا بھر میں عام کرنے کے اعتبار سے امیرِ اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی 3 صِفَات بہت اَہَم ہیں :
* : اِخْلاص : امیرِ اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ الحمد للہ! ہمیشہ رِضائے اِلٰہی کے طلب گار رہتے ہیں ، آپ نے نیکی کی دعوت کا دینی کام بھی کبھی کسی دُنیَوی لالچ سے نہیں کیا بلکہ دعوتِ اسلامی کی ابتداء میں جب امیرِ اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ دُور دراز علاقوں میں جا کر نیکی کی دعوت عام کرتے تھے ، اس وقت آپ اپنا کھانے کا ٹفن ساتھ رکھتے تھے ، یہاں تک کہ نمک کی ڈبیا اور پانی بھی ساتھ ہوتا تھا تاکہ لوگوں سے سُوال نہ کرنا پڑے۔