Book Name:Barakate Namaz aur Tarke Namaz ke Waeiden

اس طَرح کھڑا ہوتا ہوں کہ میرے بَدن کا ہر جوڑ اپنی جگہ پر بَرقَرار ہوجاتا ہے پھر میں اپنے دل میں یہ تَصوُّر جَماتا ہوں کہ خانۂ  کعبہ میرے دونوں بھنوؤں کے دَرْمِیان اور مَقامِ اِبْراہیم میرے سینے کے سامنے ہے ، پھر میں اپنے دِل میں یہ یَقِیْن رکھتے ہوئے کہ اللہ پاک میری ظاہِری حالت اور میرے دِل میں چُھپے ہوئے تمَام خَیالات کو جانتا ہے ، اس طَرح کھڑا ہوتا ہوں کہ گویا پُلِ صِراط پرمیرے قَدم ہیں اور جَنَّت میرے داہنے اور جَہنّم میرے بائیں (جانِب)اور مَلَکُ الْمَوْت میرے پیچھے ہیں اور گویا یہی نَماز میری زِنْدگی کی آخری نَماز ہے ، اس کے بَعْد تکبیرِ تَحْریمہ نِہایَت ہی اِخْلاص کے ساتھ کہتا ہوں پھر اِنْتہائی تَدَبُّر اور غور و فِکْر کے ساتھ قِراءَ ت کرتا ہوں۔ پھر نِہایَت ہی تَواضُع  (عاجزی)کے ساتھ رُکُوع اور گِڑگِڑاتے ہوئے اِنکساری کے ساتھ سَجْدہ کرتا ہوں۔ پھر اسی طرح پُوری نَماز نِہایَت ہی خُضُوع و خُشُوع کے ساتھ خَوْف ورِجا (یعنی اللہ پاک کے خوف اور اس کی رَحْمَت کی اُمّید)کے دَرْمِیان اَدا کرتا ہوں ، یہ سُن کر حَضْرتِ عاصِم رَحْمَۃُ اللّٰہ  عَلَیْہ  نے حَیْرت کے ساتھ پوچھا کہ اے حاتِم اَصَمّ!رَحْمَۃُ اللّٰہ  عَلَیْہ  کیا واقعی آپ ہمیشہ اور ہر وَقْت اسی طریقے سے نَماز پڑھتے ہیں؟ تو آپ نے جَواب دیا کہ جی ہاں!30 برس سے میں ہمیشہ اور ہر وَقْت اسی طَرح ہر نماز اَدا کرتا ہوں۔ (روح البیان ، ج۱ ، ص۳۳)

صَلُّوا عَلَی الْحَبیب!                                                صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

نَماز کی اَہَمِّیَّت :

پیارے اسلامی بھائیو!دیکھا آپ نے کہ ہمارے اَسْلافِ کِرامرَحِمَہُمُ اللہ السَّلام  کس قَدر اِخْلاص ، تَواضُع اور خُشُوع و خُضُوع کے ساتھ نَماز اَدا کِیاکرتے تھے مگر اس کے باوُجُوْد ان نُفُوْسِ قُدْسِیَّہ کی حالت یہ تھی کہ خَوْف  واُمّید کی کَیْفِیَّت میں رہا کرتے تھے کہ نہ جانے ہماری عِبادَت اللہ پاککی بارگاہ میں مَقْبول بھی ہے یا نہیں  مگر اَفْسوس! ہمارا حال یہ ہے کہ ایک تو مُسلمانوں کی اکثریّت نمازوں کی ادائیگی سے غافل اور حُقُوقُ اللّٰہ پامال کرنے کی طرف مائل نظر آتی ہے اور جو رہے سَہے مُسَلمان نَماز پڑھتے بھی ہیں اُن